10 لاکھ میں کانسٹبل ، 20 لاکھ روپئے میں ایس آئی کا آفر ، بھروسہ نہ کرنے پولیس کا مشورہ

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : پولیس ملازمتوں کے لیے درخواستیں داخل کرنے والے ہوشیار اور چوکنا ہوجائیں کیوں کہ درمیانی افراد ( دلال ) درخواست گذاروں کو ٹیلی فون کرتے ہوئے 10 لاکھ روپئے ادا کرنے پر کانسٹبل اور 20 لاکھ روپئے ادا کرنے پر سب انسپکٹر ( ایس آئی ) کی ملازمت دلانے کا جھانسہ دیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے محکمہ پولیس میں 17,516 کانسٹبل اور ایس آئی کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ ان جائیدادوں کے لیے 7.33 لاکھ امیدواروں نے 12.19 لاکھ درخواستیں داخل کی ہیں ۔ پولیس ریکروٹمنٹ کمیشن کی ویب سائٹ میں محفوظ رہنے والے امیدوار کے نام ، موبائل نمبرس اور دیگر تفصیلات پر مشتمل ڈاٹا بینک کو حاصل کرنے والے درمیانی افراد ( دلال ) امیدواروں کو ٹیلی فون کرتے ہوئے ملازمتوں کا آفر دے رہے ہیں ۔ انہیں بتایا جاتا ہے کہ آپ نے پولیس جائیدادوں کے لیے درخواست داخل کی ہے ۔ تمہاری تمام تفصیلات ہمارے پاس ہے ۔ ہمارے حکومت کے ذمہ داروں سے تعلقات ہیں ان سے بات چیت کرتے ہوئے تمہیں ملازمت فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ پولیس کانسٹبل کی فیس 10 لاکھ روپئے اور ایس آئی کی فیس 20 لاکھ روپئے ہوگی ۔ چند امیدواروں نے درمیانی افراد کے فون کال اور ملازمتوں کے لیے دئیے جانے والے آفر سے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے شکایت کی ہے اور ساتھ ہی درمیانی افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے درخواست گذاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ درمیانی افراد کے جھانسے میں ہرگز نہ آئیں بلکہ محنت سے ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کریں ۔ شفاف انداز میں پولیس تقررات کیے جائیں گے ۔ اگر کوئی پیسے لے کر ملازمت دلانے کی بات کریں تو اس پر ہرگز بھروسہ نہ کریں بلکہ مقامی پولیس اسٹیشن میں اس کی فوری شکایت درج کریں اس کے لیے پولیس ریکروٹمنٹ کمیشن کے ہیلپ لائن نمبر 9393711110 ۔ 9391005006 پر شکایت درج کروائیں ۔۔ ن