نیویارک : محبت تو کسی بھی عمر میں ہو سکتی ہے اور ایسا ہی 100 سالہ برنی لیٹمین اور 102 سالہ مارجوری فٹرمین کے ساتھ ہوا۔یہ دونوں ایک دوسرے سے ملنے سے قبل بھی بہت اچھی زندگی گزار چکے تھے، مگر جب وہ دونوں اپنے اپنے شریک حیات سے محروم ہوئے (ان کا انتقال ہوگیا تھا) تو انہیں توقع نہیں تھی کہ وہ دوبارہ کسی سے محبت کرسکیں گے۔امریکی شہر فلاڈلفیا سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے کو اس عمر میں جاکر محبت ہوئی جب بیشتر افراد قبر میں پہنچ جاتے ہیں۔ان دونوں نے 9 سال کے رومانوی تعلق کے بعد شادی کی اور دنیا میں شادی کرنے والے سب سے معمر جوڑے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔مئی 2024 میں ہونے والی شادی کے وقت دونوں کی مجموعی عمر 202 سال 271 دن تھی اور اب گنیز ورلڈ ریکارڈز میں ان کے اس ریکارڈ کا اندراج کیا گیا ہے۔ان دونوں کی محبت کی داستان فلاڈلفیا کے ایک بزرگوں کی رہائش کے لیے قائم ایک مرکز میں ہوئی جہاں یہ دونوں مقیم تھے۔دونوں کی ملاقات 9 سال قبل اس مرکز میں ہونے والی ایک کاسٹیوم پارٹی کے دوران ہوئی اور وہ ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جوانی میں وہ دونوں پنسلوانیا یونیورسٹی میں ایک ساتھ پڑھتے رہے مگر اس وقت ان کی کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔