موسیٰ ندی میں پانی کا بہاؤ تیز ، دوسرا خطرے کا انتباہ جاری ، 2 ہزار مکانات کا تخلیہ
پرانا پل ، چادر گھاٹ لولیول برج ، موسیٰ رام باغ برج عوام کے لیے بند ، ٹریفک جام ، سینکڑوں مکانات پانی میں محصور
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے مواضعات میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں عثمان ساگر اور حمایت ساگر دونوں ذخائر آب لبریز ہوگئے اور 12 سال بعد عثمان ساگر کے 13 اور حمایت ساگر کے 8 گیٹس کھول کر پانی کا اخراج کیا جارہا ہے ۔ جس سے موسیٰ ندی میں سیلاب کے بہاؤ میں تیزی پیدا ہوگئی حکام نے دوسرے خطرے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ موسیٰ ندی پانی کے بہاؤ میں تیزی سے اطراف واکناف رہنے والے دو ہزار افراد کا مکانات سے تخلیہ کرادیا گیا ہے ۔ چادر گھاٹ لولیول برج اور موسیٰ رام باغ برج پرانا پل عوام کے لیے بند کردیا گیا ہے ۔ کئی علاقے جھیل میں تبدیل ہوگئے ۔ کئی کالونیوں اور بستیوں کے عوام پانی میں محصور ہیں ۔ مختلف رضا کارانہ تنظیموں اور مقامی عوام کی جانب سے پانی میں پھنسے ہوئے عوام کو غذائی اشیاء اور پینے کے پانی کی سربراہی کی جارہی ہے ۔ وقار آباد ، چیوڑلہ میں ہونے والی بارش سے شہر کے جڑواں ذخائر آب کی سطح آب میں گھنٹہ گھنٹہ میں اضافہ ہورہا ہے ۔ جس تیزی سے پانی جمع ہورہا ہے اسی تیزی سے پانی کا اخراج بھی ہورہا ہے ۔ عثمان ساگرمیں پانی کا انفلو 8 ہزار کیوسکس ہے ۔ جب کہ آوٹ فلو 8281 کیوسکس ہے ۔ عہدیداروں نے 13 گیٹس کو 6 فیٹ تک اٹھا کر پانی چھوڑ رہے ہیں ۔ عثمان ساگر کی مکمل سطح آب 1790 فیٹ ہے فی الحال پراجکٹ میں 1789.10 فیٹ پانی موجود ہے ۔ اس طرح حمایت ساگر میں پانی کا انفلو 8 ہزار کیوسکس اور آوٹ فلو 10,700 کیوسکس ہے ۔ حمایت ساگر کے 8 گیٹس کو 4 فیٹ اوپر اُٹھا کر پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ حمایت ساگر کی مکمل سطح آب 1763.50 فیٹ ہے فی الحال پراجکٹ میں 1761.90 فیٹ پانی موجود ہے ۔ واضح رہے کہ 12 سال قبل 2010 میں بھاری بارش کے باعث عثمان ساگر کے 12 گیٹس کھولتے ہوئے 5 ہزار کیوسکس پانی موسیٰ ندی میں چھوڑا گیا تھا ۔ اس مرتبہ 8 ہزار سے زائد کیوسکس پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ موسیٰ ندی گذرنے کے راستوں پر قیام پذیر عوام بالخصوص منچی ایپلوں ، ڈیوس ولاس ، حیدر شاہ کوٹ ، لنگر حوض ، چادر گھاٹ اور موسیٰ رام باغ کے مختلف علاقوں کے عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ موسیٰ ندی کے بہاؤ میں تیزی کو دکھتے ہوئے پرانا پل ، چادر گھاٹ لولیول برج اور موسیٰ رام باغ برجس عوام کے لیے بند کردیا گیا ہے ۔ پولیس کی جانب سے متبادل راستہ اختیار کرنے کی عوام سے اپیل کی گئی ہے جس سے صبح اسکولس جانے والے طلبہ اور آفسوں کو جانے والے عوام کو کافی مشکلات پیش آئی ہیں اور گھنٹوں ٹریفک کے مسائل پیدا ہوگئے ہیں ۔ چادر گھاٹ و اس کے آس پاس رہنے والے 2 ہزار عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ بریجس اور پانی بہنے کے راستوں پر پولیس کو تعینات کردیا ہے اور غوطہ خوروں کی خدمات طلب کرلی گئی ہے ۔ باوجود آج بھی کئی افراد پانی میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ متعلقہ ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس سے عوام رابطہ پیدا کرتے ہوئے انہیں بچانے ، راحت کاری کے اقدامات کرنے اور پانی کی نکاسی کرنے کی اپیل کررہے ہیں ۔۔ ن