دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 6 لاکھ سے متجاوز ‘ 28 ہزار اموات

,

   

ایک دن میں اٹلی میں 919 ‘ اسپین میں 832 اور ایران میں 139 اموات ۔ امریکہ میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوگئی

برلن / روم 28 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 6 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور خاص طور پر یوروپ اور امریکہ میں اب یہ وائرس انتہائی تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے ۔عہدیداروں کا ماننا ہے کہ اس وائرس سے نمٹنے کیلئے ایک طویل لڑائی لڑنی ہوگی ۔ واضح رہے کہ صرف دو دن میں دنیا بھر میں ایک لاکھ مریضوں کا اضافہ ہوا ہے جبکہ دو دن قبل ہی یہ تعداد 5 لاکھ ہوگئی تھی ۔ کہا جا رہا ہے کہ اس وائرس کے پھیلنے کی رفتار کو روکنے کیلئے ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے ۔ جان ہاپکنس یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے بموجب دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 607,000 ہوگئی ہے جبکہ اب تک اموات کی تعداد 28,000 سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ متاثرین کی تعداد کے معاملے میں امریکہ سب سے آگے ہوگیا ہے جہاں ایک لاکھ سے زائد متاثرین کی توثیق ہوچکی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ امریکہ میں ایک لاکھ چار ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ یہاں مرنے والوں کی تعداد 1700 سے زیادہ بتائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ دنیا میں پانچ ممالک اور ایسے ہیں جہاں امریکہ سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ ان میں اٹلی ‘ اسپین ‘ چین ‘ ایران اور فرانس شامل ہیں۔ جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکیل نے ابنائے وطن کو ایک پیام دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس وائرس کے متاثرین کو پوری طرح نہیں روک سکتے لیکن اس کو آنے والے وقتوں میں بہت کم کیا جانا ضروری ہے ۔ مرکیل کے ڈاکٹر اس وائرس کا شکار پائے گئے ہیں جس کے بعد وہ بھی اپنے گھر تک محدود ہوگئی ہیں۔ مرکیل کے چیف آف اسٹاف ہیلج براون نے کہا کہ جرمنی 20 اپریل سے پہلے تحدیدات میں کوئی نرمی نہیں دے گا ۔ جرمنی میں بھی لاک ڈاون کردیا گیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق متاثرہ ممالک اور علاقوں میں ڈاکٹرس ‘ نرسیس اور ایمبولنس کا عملہ و ڈرائیورس اب اس وائرس کا شکار ہونے لگے ہیں۔ اٹلی اور اسپین میں بہت زیادہ اموات کی اطلاعات بھی مل رہی ہیں۔ اٹلی میں پہلے ہی سے ہزاروں افراد فوت ہوچکے ہیںاور گذشتہ ایک 24 گھنٹوں میں یہاں اموات کی تعداد میں اور بھی اضافہ ہوا ہے ۔

کہا گیا ہے کہ اٹلی میں صرف ایک دن میں 919 سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ اب تک اٹلی میں جملہ مہلوکین کی تعداد بھی 7 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اٹلی میں اب تک متاثرین کی تعداد بھی ایک لاکھ کے قریب پہونچ چکی ہے ۔ تاہم کہا گیا ہے کہ گذشتہ دو تا تین دن سے متاثر ہونے والے افراد کی شرح میں کمی آئی ہے ۔ تاہم اٹلی کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی صورتحال قابو میں نہیںکہی جاسکتی اور آئندہ چند دن ہمارے لئے بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ اسپین میں بھی صورتحال دھماکو بنی ہوئی ہے ۔ تازہ ترین اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسپین میں832 افراد اس وائرس کی وجہ سے جان گنوا بیٹھے ہیں اور یہاں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 72 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اسپین میں اب تک جملہ 5,690 افراد اس وارئس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں اور یہ تعداد اٹلی کے بعد سب سے زیادہ ہے ۔ اسپین میں یومیہ آٹھ ہزار کے قریب افراد اس وائرس کی وجہ سے متاثر ہو رہے ہیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کی رفتار میں قدرے کمی درج کی جا رہی ہے ۔ اسپین میں میڈریڈ سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ قرار دیا گیا ہے ۔ یہاں اب تک 2757 اموات ہوچکی ہیں۔ اسپین میں بھی گذشتہ دو ہفتوں سے مکمل لاک ڈاون ہے اور یہ 11 اپریل تک جاری رہے گا ۔ اس دوران ایران سے ملی اطلاعات میںکہا گیا ہے کہ یہاں گذشتہ ایک دن میں مزید 139 افراد اس وائرس کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں۔ ان اموات کے ساتھ اب تک اس وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2,517 ہوچکی ہے ۔ ایران کورونا وائرس کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے ۔ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانگیر پور نے میڈیا کو بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے مزید تین ہزار مریضوں کاپتہ چلا ہے اور اس طرح اب تک اس وائرس کے متاثرین کی تعداد 35 ہزار سے متجاوز ہوگئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں مزید تین ہزار سے زائد افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔ یہاں گیارہ ہزار مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔ ایران میں بھی احتیاطی اقدامات کے طور پر مختلف تحدیدات عائد کردی گئی ہیں۔ یہ تحدیدات 8 اپریل تک لاگو رہیں گی ۔