13شادیاں کرنے والا شیوا شنکر گرفتار

,

   

دونوں تلگو ریاستوں میں شادیاں‘بیوی نمبر13کی شکایت پر گرفتاری عمل میں آئی

حیدرآباد۔/21 جولائی، ( سیاست نیوز)سائبرآباد پولیس نے دونوں تلگو ریاستوں میں 13 شادیاں کرنے والے ایک شاطر دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا۔ مختلف میٹریمونی سائیٹس کا استعمال کرنے والا دھوکہ باز اب پولیس کی گرفت میں ہے۔گچی باؤلی پولیس نے ایک لڑکی کی شکایت پر منگل گیری ضلع گنٹور کے ساکن 33 سالہ شیوا شنکر کو گرفتار کرلیا جس سے اس نے شادی کی تھی۔ شکایت گذار لڑکی کا بیوی نمبر 13 بتایا گیا ہے۔ شادی کرنا، جسمانی طور پر استعمال کرنا، بیوی کے ساتھ چند روز عیش کرنا اور پھر مالی طور پر اس کو دھوکہ دینا شیوا شنکر کی عادت تھی۔ اس کے خلاف دونوں تلگو ریاستوں کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج ہیں۔ حیدرآباد، راچہ کنڈہ، سنگاریڈی، گنٹور اور وجئے واڑہ میں بھی مقدمات درج کئے گئے ۔ ایک کے بعد ایک اس نے دونوں تلگو ریاستوں میں 13 شادیاں رچائی اور بالآخر بیوی نمبر 13 کی شکایت پر اس کو گرفتار کرلیا گیا۔چند روز گذارنے کے بعد اس نے بیوی نمبر 13 سے کہا کہ امریکہ میں ملازمت کا موقع ملا ہے اور فوری روانہ ہونا چاہیئے ۔ امریکہ میں ملازمت کا جھانسہ دے کر بیوی سے 32 لاکھ روپئے حاصل کرلیا اور اچانک امریکہ جانیکا ارادہ بدل دیا۔ اس رقم کیلئے وہ بیوی کو روز پریشان کررہا تھا۔ بیوی نمبر 13 کو شیوا شنکر پر شبہ ہوا کہ اچانک اس نے امریکہ کا ارادہ کیوں بدل دیا اور اب امریکہ کا ذکر بھی نہیں کرتا۔ لڑکی نے اپنے طور پر شیوا شنکر کے متعلق دریافت کیا اور اس سے متعلق جو حقائق سامنے آئے وہ لڑکی کیلئے انتہائی حیرتناک تھے۔ جس کے بعد لڑکی نے پولیس میں شکایت کردی۔ پولیس کی جانب سے شیوا شنکر کی گرفتاری کے بعد لڑکی نے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ع