کوزی کوڈ؍ بنگلورو ۔ عام طور پر، اگر آپ آئی پی ایس افسر بننا چاہتے ہیں، تو آپ کو آئی پی ایس کی ملازمت صرف اس صورت میں ملے گی جب آپ یونین پبلک سروس کمیشن کے مختلف تحریری اور فٹنس جیسے ٹسٹ پاس کر لیں۔ صرف 18 سال سے زیادہ عمر والے ہی اس کے اہل ہوتے ہیں۔ لیکن حال ہی میں 13 سال کے دو لڑکے پولیس افسر بن گئے ہیں۔ وہ بھی چند گھنٹوں کیلئے۔اس کیلئے انھیں کوئی ٹسٹ دینا نہیں پڑا۔ کیرالا کے محمد سلمان اور بنگلورو کے متھیلیش نے پولیس کی وردی پہن کر بنگلور ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے دفتر میں عملے سے سلامی لی۔ ان دونوں کی عمر 13 سال بتائی گئی ہے لیکن 13 سال کی عمر میں پولیس آفیسر بننا کیسے ممکن ہوا تو کچھ دلچسپ باتیں سامنے آئیں۔ پولیس آفیسر کے لباس میں ملبوس یہ دو لڑکے دراصل کینسر میں مبتلا ہیں۔ میک اے وش نامی ایک این جی او نے سنگین بیماری میں مبتلا بچوں کی آئی پی ایس آفیسر بننے کی خواہش پوری کرتی ہے۔ اور اس این جی او نے بنگلور ساؤتھ ایسٹ ڈویڑن پولیس سے ربط پیدا کرتے ہوئے بچوں کی خواہش کو بتایا جس پر انھوں نے بھی اس پر رضامندی ظاہر کی اور بچوں کا خواب پورا ہوگیا۔ بنگلور کے ایک ہائی اسکول میں پڑھنے والے یہ لڑکے پولیس کی وردی میں دفتر میں گئے اور کچھ دیر وہاں بیٹھے رہے۔ واکی ٹاکی کے ذریعہ مختلف پولیس اسٹیشن پر تعینات دیگر عملے سے بات چیت کی۔بعد ازاں عہدیداروں نے انہیں بریفنگ دی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے فرائض کے حصے کے طور پر پولیس کا دورہ بھی کیا۔