14 اپریل کو مجسمہ امبیڈکر کی نقاب کشائی اور 30 اپریل کو نئے سکریٹریٹ کا افتتاح

,

   

چیف منسٹر کا اعلیٰ سطحی اجلاس، جلسہ عام میں 119 اسمبلی حلقوں سے 35 ہزار افراد کی شرکت، سکریٹریٹ میں خانگی گاڑیوں کی اجازت نہیں، چیف منسٹر، عہدیداروں اور وزیٹرس کیلئے علحدہ باب الداخلے
حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر جینتی کے موقع پر 14 اپریل کو نیکلس روڈ کے قریب ڈاکٹرامبیڈکر کے 125 فیٹ بلند مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی جائے گی اور اس کے بعد جلسہ عام ہوگا۔30 اپریل کو ڈاکٹر امبیڈکر سے موسوم تلنگانہ سکریٹریٹ کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج پرگتی بھون میں دونوں پروگراموں کے انتظامات کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ 4 گھنٹوں سے زائد تک جاری رہے اجلاس میں چیف منسٹر نے وزراء اور عہدیداروں کو ذمہ داریاں تفویض کیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 14 اپریل کو مجسمہ امبیڈکر کی نقاب کشائی بودھ دھرم کی مذہبی شخصیتوں کی موجودگی میں مذہبی رسومات کے ساتھ انجام دی جائے گی۔ 2 بجے دن تقریب کا آغاز ہوگا اور 5 بجے جلسہ عام کا اختتام ہوگا۔ خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مجسمہ پر پھول برسائے جائیں گے۔ تقریب میں ہر اسمبلی حلقہ سے 300 افراد کو حیدرآباد منتقل کیا جائے گا۔ 119 اسمبلی حلقوں سے 35700 افراد شرکت کریں گے۔ عوام کی منتقلی کیلئے 750 آر ٹی سی بسوں کا انتظام کیا جائے گا۔ حیدرآباد سے 50 کیلو میٹر دور عوام کے لئے طعام کا انتظام رہے گا۔ اجلا س میں طئے کیا گیا کہ 30 اپریل کو ڈاکٹر امبیڈکر سکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب کا آغاز صبح میں مذہبی رسومات سے ہوگا۔ پنڈتوں اور ماہرین سے مشاورت کے بعد مہورت کے وقت کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ افتتاح کے فوری بعد سب سے پہلے چیف منسٹر کے سی آر اپنے چیمبر میں داخل ہوکر کرسی سنبھالیں گے۔ ریاستی وزراء ، محکمہ جات کے سکریٹریز اور چیف منسٹرآفس کے عہدیدار بھی اپنے اپنے چیمبرس میں نشست سنبھالیں گے۔ افتتاح کے موقع پر 2500 اہم شخصیتوں کی شرکت متوقع ہے جن میں عوامی نمائندے، ضلع کلکٹرس، مجالس مقامی کے سربراہ اور دوسرے شامل ہوں گے تمام کیلئے طعام کا انتظام رہے گا۔ سکریٹریٹ کے 4 باب الداخلے ہوں گے اور نارتھ ویسٹ راستوں کا صرف شدید ضرورت کے وقت استعمال ہوگا۔ نارتھ ایسٹ گیٹ سے سکریٹریٹ کے عہدیدار اور ملازمین گذریں گے۔ ساوتھ ایسٹ گیٹ سے وزیٹرس کا داخلہ رہے گا جس کے اوقات سہ پہر 3 تا5 بجے شام رہیں گے۔ ایسٹ گیٹ میں باب الداخلہ رہے گا جہاں سے چیف منسٹر، وزراء، چیف سکریٹری ، ڈی جی پی ، ارکان مقننہ، صدورنشین اور دوسری اہم شخصیتیں گذریں گے۔ معذورین کیلئے الیکٹرک گاڑیوں کا انتظام رہے گا۔ کسی خانگی گاڑی کو سکریٹریٹ میں داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ غریبوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ کی امداد اسکیم کے رہنمایانہ خطوط تیار کریں۔ اجلاس میں ریاستی وزراء ہریش راؤ، کے ایشور، پرشانت ریڈی اور اعلیٰ عہدیداروں بشمول چیف سکریٹری، ڈی جی پی، کمشنر پولیس حیدرآباد، کمشنر جی ایچ ایم سی نے شرکت کی۔ر