15 اگسٹ سے قبل کسانوں کے 2 لاکھ روپئے کے قرضہ جات کی معافی: ریونت ریڈی

   

ہریش راؤ کو چیلنج، حکومت کے خلاف بی آر ایس اور بی جے پی کی سازش، کوڑنگل اور ناگر کرنول میں جلسوں سے خطاب

حیدرآباد۔/23 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ 15 اگسٹ سے قبل تلنگانہ میں کسانوں کے 2 لاکھ روپئے کے قرضہ جات معاف کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے بی آر ایس کے لیڈر ہریش راؤ کو چیلنج کیا کہ اگر 15 اگسٹ سے قبل کسانوں کے قرضہ جات معاف کردیئے گئے تو کیا بی آر ایس کو ختم کردیں گے؟ ۔ انہوں نے کہا کہ آسمان اور زمین ایک ہوجائیں، سورج جنوب کے بجائے شمال سے طلوع ہو اور کے سی آر فارم ہاوز میں پھانسی کیوں نہ لیں میں وعدہ کرتا ہوں کہ کسانوں کے قرضہ جات ضرور معاف کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر آج کوڑنگل میں ناگر کرنول لوک سبھا حلقہ کے تحت کانگریس کے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ ریونت ریڈی نے کوڑنگل کے مدور منڈل میں کانگریس کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں محبوب نگر کے کانگریس امیدوار ومشی چند ریڈی، کوڑنگل اسمبلی حلقہ کے انچارج تروپتی ریڈی اور سابق رکن اسمبلی گروناتھ ریڈی موجود تھے۔ چیف منسٹر نے بی آر ایس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں پارٹیوں نے کانگریس کو شکست دینے کیلئے خفیہ مفاہمت کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے 100 دنوں میں حکومت نے پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا جن میں آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر، آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک علاج، 500 روپئے میں گیس سلینڈر، 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور اندراماں انڈلو کے تحت مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 15 اگسٹ سے قبل حکومت کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے کسانوں کے جو قرض معاف کئے وہ رقم سود کی ادائیگی کیلئے بھی کافی نہیں ہے۔ قرض کی عدم معافی کی صورت میں استعفی سے متعلق ہریش راؤ کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر حکومت عمل کرتی ہے تو کیا بی آر ایس پارٹی کو ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ محبوب نگر ضلع کی ترقی کو بی آر ایس اور بی جے پی نے نظرانداز کردیا۔ ڈی کے ارونا لوک سبھا الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں اور انہیں جواب دینا ہوگا کہ مودی حکومت سے محبوب نگر کی ترقی کیلئے کتنے فنڈز حاصل کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال کے بعد بھی محبوب نگر میں صورتحال بہتر نہیں ہوئی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ 3900 کروڑ کے خسارہ بجٹ سے انہوں نے چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالی اور چار ماہ میں 26000 کروڑ کا سود ادا کیا ہے۔ چیف منسٹر نے یقین ظاہر کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس 14 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ ریونت ریڈی نے بعد میں ناگر کرنول میں انتخابی ریالی سے خطاب کیا جہاں ڈاکٹر ملوروی کانگریس کے امیدوار ہیں۔1