19 ماہ میں خام تیل 31 فیصد سستا ہوا ، پٹرول وڈیزل کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں

   

: بہار جنتا دل یونائٹیڈ ریاستی صدر امیش سنگھ کشواہا نے مودی حکومت پر شدید تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 19 ماہ میں خام تیل 31 فیصد سستا ہوا لیکن ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے ۔ امیش سنگھ کشواہا نے کہا کہ صرف گذشتہ 6 مہینوں میں تیل کمپنیوں نے 47,000 کروڑ روپے منافع کمایا ہے اور یہ سارا پیسہ عام آدمی کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت سرمایہ داروں کیلئے کام کر رہی ہے اور اسے غریبوں کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ مرکزی حکومت اور تیل کمپنیوں کے گٹھ جوڑ سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ کشواہا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے اچھے دنوں کا جھانسہ دے کر معصوم عوام کو دھوکہ دینے اور ٹھگنے کاکام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا براہ راست اثر دیگر اشیاء کی قیمتوں پر پڑتا ہے ۔ آج ملک میں بے تحاشا مہنگائی کی بڑی وجہ مرکزی حکومت کی ناکامی ہے ۔ کشواہا نے کہا کہ جو حکومت عوام کے مسائل اور تکالیف کو نہیں سمجھ سکتی اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ اگر ہم عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے چنگل سے آزاد کرانا چاہتے ہیں تو ہمیں ملک کو بی جے پی سے آزاد کرانا ہوگا۔