حقائق کی پردہ پوشی پر کارروائی کا انتباہ، وزرا و عہدیداروں کے ساتھ چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد21 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں آبپاشی پراجکٹس پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ چیف منسٹر نے آج وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی ، وزیر زراعت ناگیشور راؤ ، چیف سکریٹری شانتی کماری و دیگر عہدیداروں کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں آبپاشی پراجکٹس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 1956 تا 2014 اور 2014 سے 2023 تک تعمیر آبپاشی پراجکٹس ، ان کی لاگت و سیراب اراضی کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ تیار کی جائے۔ انہوں نے آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں حقائق کی پردہ پوشی کرنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ ہر پراجکٹ سے متعلق تفصیلات درج کی جائیں تاکہ عوام بھی اس کا مشاہدہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں حکومت شفافیت سے کام لے گی اور ہر فیصلہ سے عوام کو واقف کرایا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی میں شفافیت کو برقرار رکھیں اور حکومت کے فیصلوں سے وقتاً فوقتاً عوام کو واقف کرائیں۔ واضح رہے کہ کانگریس حکومت آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں وائیٹ پیپر جاری کرنے اور اسمبلی میں مباحث کا منصوبہ رکھتی ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے رپورٹ کی تیاری کے بعد مباحث کی تاریخ طئے کی جائے گی۔ر