20آوارہ کتوں کو ہلاک کرنے کا الزام، 3 افراد گرفتار

   

پالتو کتے کی موت کا بدلہ لینے کا حیرت انگیز انکشاف
حیدرآباد۔20۔مارچ(سیاست نیوز) آوارہ کتوںکے حملہ میں پالتو کتے کی موت کا بدلہ لینے کے لئے 20آوارہ کتوں کی جان لے لی گئی ۔پولیس نے شہر حیدرآباد سے 3افراد کو 20کتوں کی موت کے الزام کے تحت گرفتار کرلیا اور اس گرفتاری کے بعد اس بات کا حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے کہ محبوب نگر میں ایک ماہ قبل 20کتوں کی موت اور زائد از 6 کتوں کو زخمی کرنے والوں نے ان کے اپنے پالتو کتے کی آوارہ کتوں کے حملہ میں ہونے والی موت کا بدلہ لینے کے لئے یہ کاروائی انجام دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کتوں پر حملہ اور ان کی موت کا منصوبہ نرسمہاریڈی نے تیار کیا تھا جس کا سسرال محبوب نگر میں رہتا ہے ۔ نرسمہا ریڈی کو جب اس بات کا پتہ چلا کہ اس کے سسرال میں موجود ’’منٹو‘‘ نامی پالتو کتا آوارہ کتوں کے حملہ میں فوت ہوچکا ہے تو اس نے آوارہ کتوں کو ختم کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور اپنے دو ساتھیوں محمد طارق اورعارق احمد کے ساتھ سسرالی موضع پونکل پہنچ کرکتوں پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں 20 آوارہ کتوں کی موت ہوگئی۔ محمد طارق نشانہ باز ہے اور اس کے پاس لائسنس والی بندوق ہے جس کا تینوں نے استعمال کرتے ہوئے 16 فروری کی رات گاؤں میں 20 کتوں کو ہلاک کردیا تھا۔ پولیس کو تحقیقات کے دوران اس بات کا پتہ چلا کہ جن لوگوں نے کتوں پر گولیاں چلاتے ہوئے انہیں ہلاک کیا ہے وہ سلور کلر کی مرسڈیز بینز گاڑی میں سوار تھے۔ پولیس نے نشاندہی کرتے ہوئے تینوں ملزمین کوگرفتار کرلیا اور آرمس ایکٹ کے علاوہ دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔3