20 این ڈی اے وزرائے اعلیٰ کی گڈ گورننس پر مشاورت

   

نئی دہلی۔ 25 مئی (یو این آئی) نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کے زیر اقتدار تمام 20 ریاستی حکومتوں کے 20 وزرائے اعلیٰ اور 18 نائب وزرائے اعلیٰ نے اتوار کے روز دارالحکومت میں گڈ گورننس کے مسائل پر ایک دن تک جاری رہنے والی مشاورت میں حصہ لیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس میٹنگ کی صدارت کی۔ بی جے پی کے صدر جے پی نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی اس بات چیت میں حصہ لیا۔ مشاورتی بات چیت میں موجود وزرائے اعلیٰ میں یوگی آدتیہ ناتھ، نتیش کمار، این چندرابابو نائیڈو، ہمنت بسوا سرما، دیویندر فڑنویس اور موہن یادو شامل تھے ۔ این ڈی اے کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ کے بعد نڈا نے کہا کہ آج ہمارے قومی جمہوری اتحاد کے وزرائے اعلیٰ کی کانفرنس وزیر اعظم مودی کی قیادت میں منعقد ہوئی، اس میٹنگ میں ہمارے 20 وزرائے اعلیٰ اور 18 نائب وزیر اعلیٰ موجود تھے ۔
میٹنگ میں دو قراردادیں منظور کی گئیں۔ پہلی قرارداد ‘آپریشن سندور’ پر تھی، جسے مودی کی قیادت میں انجام دیا گیا تھا۔ اس قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا اور اس میں فوج کی بہادری کو سراہا گیا۔