200 یونٹ مفت برقی سربراہی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز

   

شہر اور اضلاع میں زیرو بلز کی اجرائی ، مشرف فاروقی نے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) کانگریس حکومت کی جانب سے غریب اور مستحق خاندانوں کیلئے ماہانہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہی کی اسکیم پر عمل آوری کا آج سے آغاز ہوگیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے عملہ نے آج شہر اور ریاست کے دیگر علاقوں میں عوام کو زیرو بل جاری کرتے ہوئے اسکیم پر عمل آوری شروع کی ہے ۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے ایسے صارفین کو زیرو بل جاری کیا جنہوں نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 200 یونٹ سے کم برقی استعمال کی ہے ۔ عہدیداروں نے درخواست گزاروں سے سفید راشن کارڈ اور دیگر دستاویزات کی نقل حاصل کرتے ہوئے زیرو بل جاری کیا۔ اسکیم پر عمل آوری کے لئے جن خاندانوں نے درخواست داخل کی ہے ، ان کا گھر گھر پہنچ کر سروے کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق مستحق خاندان اگر 200 یونٹ سے زائد خرچ کرتے ہیں تو بل میں 200 یونٹ سے زائد کی رقم شامل کی جائے گی اور ابتدائی 200 یونٹ کیلئے کوئی چارجس نہیں ہوں گے۔ پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن نے نئی اسکیم کیلئے بلنگ سافٹ ویر میں ضروری تبدیلیاں کی ہیں۔ بلز کی اجرائی کے لئے نئے آلات خریدے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بلنگ اسٹاف کو ضروری ٹریننگ دی گئی ۔ کمپنی کے مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی نے عہدیداروںکو ہدایت دی کہ اسکیم پر عمل آوری میں کوئی کوتاہی نہ رہے۔ حیدرآباد کے 9 بلدی سرکلس کے حدود میں 48.06 لاکھ گھریلو برقی کنکشن ہیں۔ پرجا پالنا کے تحت گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ، رنگاریڈی اور میڑچل اضلاع میں جملہ 19.85 لاکھ درخواستیں داخل کی گئیں۔ حکومت نے سفید راشن کارڈ رکھنے والے 11 لاکھ افراد کی نشاندہی کی ہے جنہیں ماہانہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جائے گی۔ ایسے درخواستگزار جنہوں نے آدھار سے مربوط سفید راشن کارڈ کی تفصیلات داخل کی نہیں ہیں ، انہیں اس کیلئے ایک موقع دیا جائیگا۔ کارپوریشن نے ہر ماہ بلز کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ غریب اور مستحق خاندانوں کو فائدہ ہو۔ میٹر ریڈنگ اور بلز کی اجرائی کیلئے زائد اسٹاف کو متعین کیا گیا ہے۔ 1