خانگی اسکولس میں 5 لاکھ 9 ہزار طلبہ کا اضافہ ، محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار سے انکشاف
حیدرآباد۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) ریاست کے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی تعداد ہر سال گھٹتی جارہی ہے۔ گزشتہ 10 سال کے دوران 32% یعنی ایک تہائی طلبہ کی تعداد گھٹ چکی ہے۔ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے تعلیمی سال 2014-15ء میں 24.85 لاکھ طلبہ سرکاری اسکولوں میں زیرتعلیم تھے۔ موجودہ تعلیمی سال 2024-25ء میں ان کی تعداد گھٹ کر 16.86 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکولس پر والدین کا بھروسہ مسلسل کم ہوتا جارہا ہے، لیکن اس کے برعکس سرکاری اسکولس میں ٹیچرس کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوچکا ہے۔ تمام سرکاری اسکولس میں زیرتعلیم طلبہ کا جائزہ لینے پر پتہ چلا ہے کہ گزشتہ 10 سال کے دوران تقریباً 4.37 ہزار طلباء و طالبات کی تعداد میں کمی آچکی ہے۔ محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار سے اس کا پتہ چلا۔ 2014-15ء میں ٹیچرس کی تعداد ایک لاکھ 11 ہزار 764 تھی۔ جاریہ سال ان کی تعداد ایک لاکھ 11 ہزار 300 ہے۔ سرکاری اسکولس کے حدود میں 26,105 ، مقامی اداروں کے اسکولس میں جاریہ سال ایک لاکھ 20 ہزار 393 طلبہ کی تعداد گھٹی ہے۔ تعلیمی سال 2023-24ء میں ان طلبہ کی تعداد 18 لاکھ 6 ہزار تھی جو اب گھٹ کر 16 لاکھ 86 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ تعلیم کو ماہ اگست میں الرٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جاریہ سال مزید 2 لاکھ طلبہ کی تعداد سرکاری اسکولوں سے گھٹ سکتی ہے جس کے بعد محکمہ تعلیم کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے گئے۔ جس کے سبب یہ تعداد کم ہوکر 1.37 لاکھ تک ہی سمٹی۔ گزشتہ 10 سال کے دوران کورونا بحران کے موقع پر سال 2021-22ء میں سرکاری اسکولس میں طلبہ کی تعداد میں 17.85% اضافہ ہوا تھا جس کے بعد سے ہر سال سرکاری اسکولس میں طلبہ کی تعداد میں کمی آرہی ہے۔ ٹیچرس تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ تلنگانہ میں ریسیڈنشیل اسکولس کے قیام کے بعد سرکاری اسکولس میں طلبہ کی تعداد گھٹی ہے۔ یو ڈائز 2024-25ء کا جائزہ لے تو اس کا پتہ چلتا ہے ۔ کے جی بی وی ۔ ماڈل اسکول، محکمہ تعلیم کے حدود میں شامل جنرل ریسیڈنشیل گروکلس، مرکزی حکومت کے تعلیمی ادارے، ایس سی، ایس ٹی، بی سی ، مائناریٹی ریسیڈنشیل اسکولس میں طلبہ کے داخلوں کی وجہ سے سرکاری اسکولس میں ان کی تعداد گھٹ رہی ہے۔جہاں ایک طرف سرکاری اسکولس میں طلبہ کی تعداد میں کمی آرہی ہے ، وہیں خانگی اسکولس میں طلبہ کا اضافہ ہورہا ہے۔ 2014-15ء میں خانگی اسکولس میں 31.17 لاکھ طلبہ زیرتعلیم تھے ، فی الحال ان کی تعداد بڑھ کر 36.73 لاکھ تک پہنچ چکی ہے یعنی2024ء تک 5 لاکھ 9 ہزار طلبہ کا اضافہ ہوا ہے۔ 2