220 امریکی دانشوروں کا اسرائیل کا بائیکاٹ

   

واشنگٹن ۔14 لاطینی امریکی ممالک کے 220 دانشوروں نے اسرائیلی تعلیمی اداروں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے مقبوضہ فلسطین میں فلسطینیوں کے خلاف نسل پرستی کی پالیسی کی مذمت کی اور اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف نسل پرستی کا مرتکب قرار دیا۔ کولمبیا میں بی ڈی ایس انٹرنیشنل موومنٹ مہم کے دوران 220 پروفیسروں اور لیکچرار نے اسرائیل کے خلاف مہم پر دستخط کیے۔ دستخط کنندگان نے عہد کیا ہے کہ وہ اسرائیلی ریاست سے کسی قسم کی فنڈنگ حاصل کرنے سے انکار کریں گے۔ اس کے علاوہ تعلیمی سرگرمیوں میں اسرائیل سے کسی بھی طرح کے وظائف وصول کرنے کی بھی مذمت کی گئی۔ دانشوروں نے اپنے مشترکہ بیان میں لاطینی امریکہ کی یونیورسٹیوں سے اسرائیلی شراکت داروں اورصہیونی حکومت کے ساتھ ملی بھگت کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون معطل کرنے کی اپیل بھی کی۔ اسرائیلی بائیکاٹ کے لیے عالمی تحریک کی برازیلی شاخ کے ایک کارکن فیبیو بوسکو نے کہا کہ اسرائیل کے بائیکاٹ میں 220 لاطینی امریکی ماہرین تعلیم کا شامل ہونا ، نسل پرستی میں ملوث تعلیمی اداروں کو بے نقاب کرنے کے لیے بہت اہم ہے۔ اس سے صہیونی ریاست کے جرائم کو بے نقاب کرنے میں مدد ملے گی۔