31 جنوری تک پانی کے بل پر سرچارج صد فیصد معاف :ریکھا گپتا

   

نئی دہلی، 14 اکتوبر (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے پانی کے بقایا بل کے لیے “معافی اسکیم” شروع کی ہے ، جس کے تحت گھریلو صارفین کے پانی کے بل پر 100 فیصد سرچارج 31 جنوری 2026 تک معاف کیے جائیں گے ۔ ریکھا گپتا نے پانی کے بل پر معافی اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس اسکیم کے تحت 11,000 کروڑ روپے کے سرچارج کو معاف کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے بل کی بروقت ادائیگی کی حوصلہ افزائی کے لیے مراعات دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں پانی کے ہزاروں غیر قانونی کنکشن چل رہے ہیں۔ غیر قانونی پانی کے کنکشن استعمال کرنے والے صرف 1000 روپے جمع کر کے اپنے کنکشن کو قانونی بنا سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی کی بڑی آبادی کے باوجود صرف 29 لاکھ پانی کے کنکشن ہیں۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ حکومت نے پانی کے کنکشن بڑھانے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا تھا۔ پچھلی حکومت اس نظام کو مکمل طور پر ختم کرنا چاہتی تھی تاکہ کسی کا احتساب نہ ہو۔