500 روپئے گیس سلینڈر و 200 یونٹ مفت برقی اسکیم کا 27 یا 29 فبروری سے آغاز

,

   

چیف منسٹر کی صدارت میں کابینی ذیلی کمیٹی کا اجلاس۔ عہدیداروں سے تفصیلی تبادلہ خیال ۔فوری رہنما خطوط جاری کرنے کی ہدایات

حیدرآباد 22 فروری(سیاست نیوز) حکومت نے انتخابات سے قبل جاری کی گئی 6 ضمانتوں میں مزید 2 ضمانتوں پر 27 یا 29 فروری سے عمل کا فیصلہ کیا ہے اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دو ضمانتوں پر عمل کے رہنما خطوط جاری کریں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج کابینی ذیلی کمیٹی اجلاس میںکئے گئے فیصلہ کے مطابق ہدایات جاری کی اور کہا کہ حکومت دو ضمانتوں پر عمل آوری کو یقینی بنانے جا رہی ہے۔ زائد از 4 گھنٹے جاری رہے اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک‘ کیپٹن اتم کمار ریڈی ‘ ڈی سریدھر بابو‘پی سرینواس ریڈی مشیر برائے چیف منسٹر ویم نریندر ریڈی و دیگر موجود تھے۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے جائزہ اجلاس میں500 روپئے میں گیاس سیلنڈر کی سربراہی و 200 یونٹ مفت برقی کی فراہمی سے عائد ہونے والے مصارف کا جائزہ لینے کے علاوہ پرجا پالنا پروگرام میںموصول درخواستوں اور ان کی تنقیح کی تفصیلات حاصل کی۔کابینی ذیلی کمیٹی میں شامل وزراء نے عہدیداروں پر واضح کیا کہ تمام اہل درخواست گذاروں کیلئے اس اسکیم سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جائے۔ چیف منسٹر نے محکمہ سیول سپلائز کے ذمہ داروں سے استفسار کیا کہ 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر کی فراہمی کیلئے کس طرح سے اسکیم کو روبعمل لانے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ اجلاس میں سبسیڈی کی رقم صارفین کے کھاتہ میں منتقل کرنے کے علاوہ گیاس سیلنڈر ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کو جاری کرنے پر بھی غور کیا گیا اور سیول سپلائز عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ گیاس سیلنڈر فراہم کرنے والی کمپنیوں سے مشاورت کرکے اس بات کو قطعیت دینے کے اقدامات کریں تاکہ حکومت سے فیصلہ کیا جاسکے کہ گیاس سیلنڈر کی 500 روپئے میں سربراہی کس طرح سے یقینی بنائی جاسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ گیاس کمپنیوں سے مشاورت کے بعد اس بات کو قطعیت دیں اور کمپنیوں کو ہی سبسیڈی کی رقم منتقل کرنے اقدامات کروائیں تاکہ صارفین کو کوئی تکلیف نہ ہو۔ ریونت ریڈی نے حکام کو ہدایت دی کہ آئندہ ماہ سے 200 یونٹ مفت برقی کے تمام اہل صارفین کو ’زیرو بل‘ جاری کرنے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سے مفت برقی اسکیم ’گروہا جیوتی‘ کے سلسلہ میں اقدامات پر رہنمایانہ خطوط کی فوری طور پر اجرائی کی جائے ۔ چیف منسٹر نے حکومت کی دو اسکیمات ’مہالکشمی‘ خواتین کیلئے مفت بس کے علاوہ ’راجیو آروگیہ شری‘ میں علاج کی حد کو 5لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کرنے پر عمل جاری ہے اور جاریہ ماہ کے اواخر میں مزید دو اسکیمات پر عمل کا آغاز کیا جا رہاہے۔ انہوں نے گیاس سیلنڈر کی 500 روپئے میں سربراہی کی حکومت کی جانب سے عمل آوری کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس اسکیم پر مؤثر عمل کو یقینی بنائیں علاوہ ازیں 200 یونٹ مفت برقی کی اسکیم سے استفادہ کنندگان کی جانب سے اگر درخواست فارم کے ادخال میں کوئی غلطی ہوئی ہے تو درخواست گذار کو غلطیوں کو درست کرنے کا موقع دیا جائے ۔ چیف منسٹر نے عہدیدار وں کو ہدایت دی کہ وہ پرجا پالنا درخواست فارمس کی وصولی جاری رکھیں اور تحصیلدار کے دفاتر کے علاوہ ایم پی ڈی او کے دفاتر میں درخواستوں کی وصولی جاری رکھیں ۔ ان اسکیمات کیلئے درخواستوں کی مسلسل وصولی کے اقدامات کئے جائیں۔ ریونت ریڈی نے محکمہ سیول سپلائز اور محکمہ برقی کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ دونوں اسکیمات کے اہل درخواست گذاروں تک اسکیم پہنچانے کسی طرح کی کوتاہی نہ کریں اور حکومت سے کئے گئے انتخابی وعدہ پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔3