98.4 فیصد نشانات کا حصول ، JEE اڈوانسڈ کی تیاری
حیدرآباد 14۔فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت تعلیمی اداروں کے طلبہ نے JEE مینس سیشن۔1 امتحانات میں غیر معمولی مظاہرہ کرکے اقلیتی تعلیمی اداروں میں بہتر تعلیمی معیار کا ثبوت دیا ۔ اقامتی اسکول سوسائٹی کے صدر محمد فہیم الدین قریشی کے مطابق 28 طلبہ JEE مینس امتحانات میں کوالیفائی قرار پائے ہیں۔ طلبہ نے 98.4 فیصد نشانات حاصل کرکے JEE مینس 2025 میں شاندار مظاہرہ کیا۔ فہیم الدین قریشی کے مطابق مینس امتحانات میں شریک طلبہ میں سے 28 کا مظاہرہ 98.4 فیصد کے ساتھ متاثر کن رہا۔ اقلیتی اقامتی جونیئر کالج بارکس بوائز کے طالب علم طلحہ ثاقب نے 98.4 فیصد نشانات حاصل کئے ہیں۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے سنٹر آف ایکسلینس سے وابستہ طلبہ تحریری امتحانات میں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ منتخب ہوئے ہیں۔ طلبہ کو سنٹر آف ایکسلینس میں ماہرین کے ذریعہ آئی آئی ٹی ۔ جے ای ای امتحانات کوچنگ کا اہتمام کیا گیا تھا، ان میں سے بیشتر طلبہ JEE اڈوانسڈ 2025 کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ ہندوستان کے نامور آئی آئی ٹی اور این آئی ٹی میں داخلہ حاصل کریں۔ جے ای ای کوچنگ کیلئے خانگی ادارے فی طالب علم تقریباً 2.5 لاکھ روپئے چارج کرتے ہیں لیکن اقامتی اسکول سوسائٹی نے مفت میں کوچنگ کا اہتمام کیا۔ مفت کوچنگ کی فراہمی سے اقلیتی طلبہ کو بہتر تعلیمی مظاہرہ کیلئے تلنگانہ حکومت کی سنجیدگی کا اظہار ہوتا ہے ۔ فہیم قریشی نے کہا کہ اقامتی اسکول سوسائٹی ذہین طلبہ کی تیاری اور انہیں بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرکے تابناک مستقبل کو یقینی بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طلبہ کے سرپرستوں کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو اقلیتی اقامتی اسکولوں میں داخلہ کرائیں تاکہ وہ بہتر تعلیمی مستقبل کی ضمانت حاصل کرسکیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور فہیم قریشی نے JEE مینس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ٹمریز کی فیکلٹی اور دیگر عہدیداروں کی مساعی پر مبارکباد پیش کی۔1