NEET UG 2026 بی اور سی زمرے کیلئے 20 اگست تک رجسٹریشن کی مہلت

   

اے زمرے میں نشست نہ ملنے کا خطرہ ‘ احتیاط کے طور پر بی زمرے میں آن لائن اندراج کی تاکید
حیدرآباد 17 اگست ( سیاست نیوز ) : کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنس کے زیر اہتمام تلنگانہ میں NEET UG 2026 کے دریعہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں داخلوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ۔ یونیورسٹی حکام نے واضح کیا کہ کنوینر کوٹہ ( A زمرے ) کیلئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ ختم ہوچکی ہے جبکہ مینجمنٹ کوٹہ ( B زمرے ) اور این آئی آر کوٹہ ( C زمرے ) کے تحت آن لائن رجسٹریشن کا وقت 20 اگست تک ہے ۔ طبی تعلیم کے ماہرین نے امیدواروں اور اولیائے طلباء کو خبردار کیا کہ اے زمرے میں نشست ملنے کی امید میں بی اور سی زمرے کا رجسٹریشن نہ چھوڑیں کیوں کہ ایک بار آخری تاریخ ختم ہونے کے بعد دوبارہ رجسٹریشن کا کوئی موقع نہیں دیا جائے گا ۔ ہر سال متعدد امیدوار اس غلط فہمی کا شکار ہوجاتے ہیں کہ انہیں کنوینر کوٹہ میں یقینی نشست حاصل ہوجائے گی اور وہ بی زمرے کیلئے آن لائن فارم نہیں بھرتے تاہم رینک اور کٹ آف میں تبدیلی کے باعث اگر اے زمرے میں نشست نہیں ملتی تو رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے وہ بی زمرے کی نشست سے بھی محروم ہوجاتے ہیں گزشتہ سال بھی کئی امیدوار اسی غلطی کی وجہ سے میڈیکل نشست سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے اور بعد میں عدالت سے رجوع کرنے کے باوجود انہیں کوئی راحت نہیں مل سکی ۔ حالیہ مثال کے مطابق ST کٹیگری کی ایک طالبہ جس نے نیٹ میں 438 نشانات حاصل کئے تھے نے صرف آل انڈیا کوٹہ کے تحت رجسٹریشن کرایا اس نے یہ سوچ کر مقامی ( ریاستی ) کوٹہ کیلئے بالکل اپلائی نہیں کیا کہ اسے آل انڈیا کوٹہ میں ہی نشست حاصل ہوگی جبکہ اگر وہ ریاستی کوٹے میں رجسٹر ہوتی تو اسے ریاست کے بہترین سرکاری میڈیکل کالج میں نشست مل سکتی تھی ۔ معلومات کے فقدان کے باعث ایسے کئی واقعات پیش آرہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جو والدین اور امیدوار فیس برداشت کرسکتے ہیں اور جن کے رینک یا مارکس بارڈر لائن پر ہیں انہیں 12,000 روپئے کی رجسٹریشن فیس کو بوجھ نہ سمجھتے ہوئے احتیاطی تدبیر کے طور پر بی زمرے میں بھی فوری آن لائن رجسٹریشن کرالینا چاہئے تاکہ ان کا ایک سال ضائع ہونے سے بچ سکے ۔۔ 2/k/b