NEET طریقہ کار میں تبدیلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست

   

سماعت ملتوی ۔ حکومت کی تشکیل دی گئی اعلی اختیار کمیٹی کی سفارشات کے بعد ہوگی سماعت
حیدرآباد۔28 جولائی(سیاست نیوز) سپریم کورٹ میں NEET امتحانات کے طریقہ کار میں تبدیلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت کو کچھ وقت کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے کیونکہ مرکزی حکومت نے نندن نیلکنی کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی ہے اور عدالت اس کمیٹی کی سفارشات ملنے کے بعد اس کی سماعت کرے گی۔ NEET پرچہ کے افشاء کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے درمیان سپریم کورٹ میں NEET امتحانات کے طریقہ کار میں تبدیلی لاکر اسے CBTکمپیوٹر بیس ٹسٹ بنانے داخل درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس نرسمہا اور جسٹس آلوک ارادھے پر مشتمل بنچ نے یہ بات کہی۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ موجودہ فزیکل امتحان کو CBT میں منتقل کرنے داخل درخواست کا مرکزی حکومت کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد سماعت کی جائے گی۔ راشٹریہ جنتا دل رکن پارلیمنٹ مسٹر سدھاکر سنگھ نے سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر یہ درخواست داخل کی تھی کہ NEET پرچہ افشاء کو روکنے اور طلبہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے حکومت کو کمپویٹر بیسڈ ٹسٹ منعقد کرے ۔ انہو ںنے اپنی درخواست میں کہا کہ NEETامتحانات کی تیار ی کرنے والے طلبہ میں مایوسی کو دور کرنے لازمی ہے کہ ان امتحانات میں اصلاحات لائے جائیں ۔ بتایا جاتاہے کہ NEETکے پرچہ کو CBT طریقہ کار سے اگر منعقد کیا جاتا ہے تو پرچہ ڈیجیٹل لاک میں محفوظ رہ سکتا ہے اور کسی بھی دوسرے شخص یا طالب علم کی اس پرچہ تک رسائی ممکن نہیں ہوتی۔عدالت نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اب جبکہ ایک کمیٹی تشکیل دی ہے تو اس کی سفارشات اور اقدامات کے فیصلوں کی بنیاد پر آئندہ سماعت کی جاسکتی ہے کیونکہ اگر عدالت ہدایات جاری بھی کرتی ہے تو حکومت سے یہی جواب دیا جائے گا کہ مرکز نے اعلیٰ اختیاری کمیٹی تشکیل دی ہے اور حکومت کو اسی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے جو کہ پرچہ کے افشاء کو روکنے کے سلسلہ میں اقدامات اور سفارشات کرے گی ۔ 3/k/b