SIR فارم مقررہ وقت پر جمع کرنا لازمی : کلکٹر

   

غلطی ہونے پر دوبارہ موقع دیا جائے گا ، فارم جمع نہ کرنے پر ووٹر لسٹ سے نام خارج کردیا جائے گا

نظام آباد: 12/ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹرنظام آباد ایلا ترپاٹھی نے کہا کہ شفاف ووٹر فہرست کی تیاری کے لیے جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) عمل کے تحت ووٹروں سے اینومریشن فارموں کی وصولی میں بوتھ لیول ایجنٹس (BLA) کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف بوتھ لیول افسران (BLO) کی ذمہ داری نہیں بلکہ بی ایل ایز کو بھی اس عمل میں مکمل تعاون فراہم کرنا ہوگا۔ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے کل شام نظام آباد شہر کے چھٹے ڈویژن میں واقع بھولکشمی ماتا مندر کمیونٹی ہال میں شہر کی میئر کے۔ اُما رانی کے ہمراہ کارپوریٹروں، بی ایل اوز، بی ایل ایز اور سپروائزروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے آرمور، بالکنڈہ، بودھن، نظام آباد رورل اور بانسواڑہ اسمبلی حلقوں میں ایس آئی آر عمل تیزی سے جاری ہے، تاہم شہری حلقہ نظام آباد میں اس کی رفتار سست ہے۔ضلع کلکٹر نے مشورہ دیا کہ ہر بی ایل اے روزانہ کم از کم 50 اینومریشن فارم وصول کرکے بی ایل اوز کے حوالے کرے۔ کلکٹر نے واضح کیا کہ اگر کوئی ووٹر اینومریشن فارم واپس جمع نہیں کراتا تو اس کا نام مسودہ ووٹر فہرست میں شامل نہیں ہوگا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہر ووٹر، خواہ وہ کسی بھی حیثیت یا عہدے کا حامل ہو، اسے لازماً اینومریشن فارم جمع کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ جن ووٹروں سے فارم میں تفصیلات درج کرنے میں غلطی ہو جائے یا مکمل معلومات فراہم نہ ہو سکیں، انہیں بعد میں سماعت کا موقع دیا جائے گا، لیکن فارم جمع نہ کرانے والوں کے نام ووٹر فہرست سے خارج ہو سکتے ہیں۔اجلاس میں میونسپل کمشنر دلیپ کمار، کارپوریٹرز سروَنتی ریڈی، ملیش یادو، ویشنوِی، انتخابی شعبہ کے سپروائزر بالراجو، نظام آباد نارتھ تحصیلدار ہری کشور، بی ایل اوز، بی ایل ایز، سپروائزرز اور مقامی ووٹروں نے شرکت کی۔