آئندہ ہفتہ چینی صدر شی جن پنگ کا دورۂ امریکہ

   

صدر امریکہ ٹرمپ بذات خود ایئرپورٹ پر استقبال کریں گے، طیارہ سینٹ اینڈ ریوز میں لینڈ کرے گا

بیجنگ/ واشنگٹن:20ستمبر (ایجنسیز)چین کے سربراہ کا ایک دہائی سے زیادہ عرصے بعد پہلا سرکاری دورہ امریکہ اگلے ہفتے ہونے جا رہا ہے، جب صدر شی جن پنگ واشنگٹن پہنچیں گے جہاں وہ وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اہم اور حساس معاملات پر مذاکرات کرنے کے علاوہ غیر رسمی رابطے بھی بڑھائیں گے۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی ایک رپورٹ کے مطابق سینیئر امریکی انتظامی حکام نے جمعہ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب شی جن پنگ کا طیارہ واشنگٹن کے مضافات میں واقع جوائنٹ بیس اینڈریوز پر اترے گا تو صدر ٹرمپ استقبال کے لیے خود وہاں موجود ہوں گے اور چینی صدر کا سرکاری دورے پر خیرمقدم کریں گے۔ یہ غیر معمولی بات ہے، کیونکہ صدر ٹرمپ عموماً غیر ملکی سربراہان سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کرتے ہیں۔دورہ کا اہم ترین مرحلہ جمعرات کو ہو گا، جب صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے سٹیٹ فلور پر اندرونِ عمارت منعقد ہونے والی استقبالیہ تقریب میں صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پنگ لی یوان کا خیرمقدم کریں گے۔ صدر ٹرمپ اور صدر شی جن پنگ روز گارڈن میں فوجی دستوں کا معائنہ بھی کریں گے، جس کے بعد دونوں رہنما بند کمرے میں مذاکرات کے لیے چلے جائیں گے۔جمعرات کی شب صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پنگ لی یوان اس سرکاری عشائیہ میں مہمانِ خصوصی ہوں گے جو صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول وائٹ ہاؤس کے ایسٹ روم میں چینی وفد کے اعزاز میں دیں گے۔ صدر ٹرمپ نے اس عشائیے کو ایسا پروگرام قرار دیا ہے جس میں ہر کوئی شرکت کرنا چاہتا ہے۔ دونوں رہنما تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔ٹرمپ نے جمعہ کو اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہزاروں لوگ اس عشائیہ میں شرکت کرنا چاہیں گے۔‘وائٹ ہاؤس نے سرکاری عشائیے کے کچھ مہمانوں کے نام جاری کر دیے ہیں اور وائٹ ہاؤس کے مطابق سرکاری عشائیے میں شرکت کرنے والے کاروباری رہنماؤں میں ایمازون کے بانی جیف بیزوس، ٹیسلا اور سپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک، گوگل کے سْندر پچائی، ڈیل ٹیکنالوجیز کے چیف ایگزیکٹو مائیکل ڈیل سمیت ٹیکنالوجی کے شعبے کی کئی اہم شخصیات شامل ہیں۔بعدازاں جمعہ کو شی جن پنگ اور پنگ لی یوان دوبارہ وائٹ ہاؤس آئیں گے، جہاں ان کی صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول کے ساتھ چائے کی نجی نشست ہوگی۔ اس کے بعد ٹرمپ جوڑے کو نیشنل آرکائیوز کا دورہ کرائیں گے۔