آئی اے ایس پوجا سنگھل شوہر کے ساتھ ای ڈی آفس پہنچی ، تفتیش شروع

   

رشوت کے طور پر لی گئی رقم کو گننے میں 3 تا 4 دن لگ گئے، عہدیداران ہنوز محو حیرت
رانچی : جھارکھنڈ میں آئی اے ایس پوجا سنگھل منگل کو اپنے شوہر ابھیشیک جھا کے ساتھ ای ڈی آفس پہنچی اور ان سے تفتیش شروع ہوگئی۔ پوجا سنگھل سے پہلے ان کے سی اے سمن کمار بھی ای ڈی آفس پہنچے تھے ۔ اس وجہ سے آفس کے باہر سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ آئی اے ایس پوجا سنگھل کی مصیبتیں بڑھتی جارہی ہیں ۔ ای ڈی ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ کھونٹی میں ہوئے منریگا گھوٹالہ کی جانچ کر رہی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم پوجا سنگھل سے سوال کرے گی کہ ان کے کھاتے میں آمدنی سے زائد 1.43 کروڑ روپے کہاں سے آئے ۔ ان کے خانگی کھاتے سے 16.57 لاکھ روپے سمن سنگھ کے کھاتے میں کیوں ٹرانسفر کئے گئے ۔ واضح رہے کہ ای ڈی نے آئی اے ایس پوجا سنگھل اور ان کے اقارب سے متعلق قریب 25 ٹھکانوں پر دو دن تک چھاپے ماری کی تھی ۔ اس دوران 19.31 کروڑ روپے اور لگ بھگ 300 کروڑ کے دستاویزات ضبط کئے گئے تھے ۔ اس کے بعد ای ڈی نے آئی اے ایس پوجا سنگھل کو سمن نوٹس بھیج کر تفتیش کیلئے طلب کیا تھا۔ پوجا سنگھل منگل کی صبح 11 بجے ای ڈی آفس پہنچی ۔ جہاں ان سے ای ڈی کی ٹیم تفتیش کر رہی ہے ۔ ای ڈی گذشتہ دو دنوں سے آئی اے ایس پوجا سنگھل کے شوہر ابھیشیک جھا سے تفتیش کر رہی ہے ۔ تفتیش ای ڈی کے ایئر پورٹ واقع آفس میں کی گئی ہے ۔ ای ڈی نے شوہر کو سی اے سمن کمار کے آمنے ۔ سامنے بیٹھاکر پوچھ تاچھ کی تھی ۔ وہیں دوسری جانب آئی اے ایس پوجا سنگھل صنعت اور کان کنی محکمہ کی سکریٹری 31 مئی تک چھٹی پر چلی گئی ہیں۔ مشینوں کے باوجود خطیر رقم گننے میں عہدیداروں کو تین تا چار دن لگ گئے۔