آج پہلا ٹی20: ائیر کی قیادت کا آغاز، سوریا ونشی توجہ کا مرکز

   

بیلفاسٹ، 25 جون (آئی اے این ایس) ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو میچوں کی ٹی20 سیریز کا پہلا مقابلہ جمعہ کو اسٹرامونٹ کے سول سروس کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جہاں نوجوان اوپنر ویبھو سوریا ونشی اور نئے کپتان شریاس ائیر توجہ کا مرکز ہوں گے۔ ٹی20 ورلڈکپ چمپئن ہندوستان تین سال بعد آئرلینڈ کا دورہ کر رہا ہے اور سیریز میں واضح پسندیدہ سمجھا جا رہا ہے، تاہم سب سے زیادہ دلچسپی 15 سالہ ویبھو سوریا ونشی کی ممکنہ بین الاقوامی شروعات میں ہے۔ راجستھان رائلز کے لیے آئی پی ایل 2026 میں شاندار کارکردگی اور حال ہی میں سری لنکا میں انڈیا اے کے لیے 94 رنزکی دھواں دار اننگز کے بعد وہ قومی ٹیم میں جگہ بنائیں ہیں۔ تاہم سوریا ونشی کی شمولیت ٹیم انتظامیہ کے لیے انتخابی مسئلہ بھی بن گئی ہے، کیونکہ اوپننگ جوڑی ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن مسلسل عمدہ کارکردگی دکھا رہی ہے، جبکہ ایشان کشن بھی تیسرے نمبر پر مضبوط دعویدار ہیں۔ یہ سیریز شریاس ائیر کے لیے بھی اہم ہے، جو دسمبر 2023 کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹی20 ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ سوریاکمار یادو کی جگہ کپتانی سنبھالنے والے ائیر اپنی کامیاب آئی پی ایل قیادت کے تجربے کو قومی ٹیم میں منتقل کرنے کے خواہاں ہیں۔ بولنگ شعبے میں ارشدیپ سنگھ کی قیادت میں ہرشت رانا، پرنس یادو اور پرسدھ کرشنا کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔ دوسری جانب آئرلینڈ زخمی کھلاڑیوں کے مسائل سے دوچار ہے۔ میزبان ٹیم کے کئی اہم کھلاڑی، جن میں پال اسٹرلنگ، مارک اڈیئر اور جوش لٹل شامل ہیں، دستیاب نہیں ہیں۔ مستقل ٹی20 کپتان لورکن ٹکر ایک نسبتاً غیر تجربہ کار ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اعداد و شمار بھی ہندوستان کے حق میں ہیں، جس نے آئرلینڈ کے خلاف اب تک کھیلے گئے تمام 8 ٹی20 بین الاقوامی میچزجیت رکھے ہیں۔ ہندوستان رواں سال 14 میں سے 12 ٹی20 میچ جیت چکا ہے اور اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے پْرعزم ہے۔