حیدرآباد 11 دسمبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے آج حیدرآباد کے جوبلی بس اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا ۔ حکومت کی جانب سے حال میں متعارف مہا لکشمی اسکیم خواتین کو بسوں میں مفت سفر کی جو سہولت فراہم کی گئی ہے اس کا جائزہ لیا ۔ سجنار نے جے بی ایس سے پرگنیہ پور ، جے بی ایس سے جنگاؤں روانہ پلے ویلگو بسوں اور بانسواڑہ جانے والی ایکسپریس بسوں میں سفر کرنے والی خواتین سے بات کی ۔ حکومت نے خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی جو سہولت فراہم کی ہے اس پر معلومات حاصل کی ۔ بعد ازاں جے بی ایس ، وینکٹ ریڈی نگر روٹ نمبر 18V/J سٹی آرڈینری بس میں میٹوگوڑہ تک سفر کیا ۔ بس میں خواتین کو زیرو ٹکٹ حوالے کیا گیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وی سی سجنار نے کہا کہ حکومت نے خواتین کو تحفہ کے طور پر مہا لکشمی کے نام سے ایک باوقار اسکیم متعارف کرائی ہے ۔ خواتین کو بسوں میں مفت سفر کی سہولت کا مثبت ردعمل مل رہا ہے ۔ خواتین کو سواری کا بوجھ ختم کرنے یہ اسکیم متعارف کرائی ہے ۔ اس سے خواتین ، طالبات اور تھرڈ جینڈر استفادہ کریں ۔ پروگرام میں ٹی ایس آر ٹی سی کو حصہ دار بنانے پر حکومت اور چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا ۔ وی سی سجنار نے کہا کہ اسکیم سے استفادہ میں خواتین کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کیلئے تمام انتظامات کیے جارہے ہیں ۔ مفت سفر اسکیم سے متعلق ضوابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے آر ٹی سی کے 40 ہزار عملہ کو اس سے واقف کرادیا گیا ہے ۔ پلے ویلگو ، ایکسپریس ، سٹی آرڈینری ، میٹرو ایکسپریس بسوں میں خواتین کو مفت سفر کرنے کی سہولت فراہم رہے گی ۔ خواتین اپنے ساتھ آدھار رکھتے ہوئے کنڈاکٹر کے ساتھ مکمل تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کے بعد بسوں میں سفر کرنے والی خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ عوام کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے بسوں کی تعداد میں اضافہ کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔ بھیڑ کے موقع پر عوام صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور عملہ سے تعاون بھی کریں ۔ کہیں بھی چھوٹی بڑی کوئی غلطی ہوجائے تو آر ٹی سی عہدیداروں کے علم میں لائیے ۔ 24 گھنٹے دستیاب رہنے والے کال سنٹر کے نمبرات 040-23450033 ، 040-694400 پر ربط کریں ۔۔ ن