آسام میں ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت چار افراد کا قتل

   

گوہاٹی : آسام کے ناگون ضلع میں ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت چار افراد کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا۔ پولیس نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔ پولیس نے بتایا کہ جمعہ کے روز نامعلوم حملہ آور لوکھوا گاراجن کے علاقہ میں جل جیون مشن کے ایک ریٹائرڈ ملازم کے گھر میں داخل ہوئے اور اس پر اور اس کے اہل خانہ پر تیز ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ خاندان کے دو دیگر افراد، اس شخص کی بیٹی اور بیٹا، شادی کی خریداری کے لیے ناگون گئے تھے کیونکہ ان کی بیٹی کی اگلے بدھ کو شادی ہونی تھی۔ مقتول خاندان کے افراد کی شناخت گنادھر سرکار، سروجنی سرکار اور ان کی سب سے چھوٹی بیٹی جیاسمیتا کے نام سے ہوئی ہے۔ اس حملے میں ہلاک ہونے والے چوتھے شخص کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی حملہ آوروں کا سراغ لگایا گیا ہے۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہاسپٹل بھیج دیا گیا ہے۔