آندھرا پردیش کے دنگل میں تلنگانہ کے مرغوں کی کُشتی

   

حیدرآباد کے پرانے شہر میں مرغوں کی تربیت ، تغذیہ بخش خوراک دی جاتی ہے
حیدرآباد 14 جنوری : ( سیاست نیوز ) : سنکرانتی تہوار ہندو طبقہ میںبڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے ۔ ایک طرف جوش و خروش سے پتنگ بازی کی جاتی ہے تو وہیں دوسری طرف ہمہ اقسام کے مختلف پکوان پکائے جاتے ہیں ۔ پڑوسی آندھرا پردیش میں سنکرانتی تہوار کی بہت اہمیت ہے ۔ ساتھ ہی اس تہوار میں مرغوں کی لڑائی اور اس پر لگائی جانے والی شرطیں ( بیٹنگ ) کافی شہرت رکھتی ہیں ۔ اس میں خواتین بھی شامل ہوتی ہیں جس سے ان کُشتیوں کے جنون کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ آندھرا پردیش میں منعقد ہونے والی مرغوں کی کُشتیوں کیلئے حیدرآباد کے پرانے شہر میں مرغوں کو تربیت دی جاتی ہے ۔ یہاں تربیت دئیے جانے والے کُشتیوں کے مرغوں کی آندھرا پردیش میں بہت مانگ ہوتی ہے ۔ آندھرا پردیش کے مختلف مقامات پر مرغوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ مقابلوں کیلئے مرغوں کی خریدی کا ایک ہفتہ قبل ہی آغاز ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں مقابلے کیلئے کُشتیوں کے دنگل میں اترنے والے مرغوں کا ڈیمانڈ بھی بڑھ گیا ہے ۔ رنگ نسل دیکھ کر ان مرغوں کی قیمت 10 ہزار روپئے سے ایک لاکھ روپئے تک لگائی جاتی ہے ۔ چند نسل کے مرغوں کی ابتدائی قیمت 50 ہزار روپئے ہوتی ہے جو دیڑھ تا 2 لاکھ روپئے تک پہونچ جاتی ہے ۔ آندھرا کے کشتیوں کے دنگل میں قسمت آزمانے والے مرغوں کو پرانے شہر میں خصوصی تربیت دی جاتی ہے ۔ انہیں وٹامن سے بھر پور غذائیں کھلائی جاتی ہیں ۔ بادام اور لیمو کے رس سے روزانہ ان کا مساج کیا جاتا ہے ۔ تین وقت کھانا کھلانے کے علاوہ شام میں اسناکس بھی دئے جاتے ہیں ۔ کھانے میں چکن ، مچھلی ، کاجو ، بادام ، پستہ ، خشک کھجور ، کشمش ، بکری کا دودھ ، چنا دال ، چاول ، راگی اور دیگر طاقتور اشیاء شامل کی جاتی ہے ۔ ہر تین گھنٹے میں ایک مرتبہ کاجو ، بادام اور پستہ کا مرکب کھلایا جاتا ہے ۔ دوپہر میں مٹن کا قیمہ ، اسناکس میں جوار اور مرغی کے انڈے پیش کئے جاتے ہیں ۔ ان مرغوں کو ورزش کے ساتھ تیراکی بھی کرائی جاتی ہے ۔ انہیں دی جانے والی خوراک کا خاص خیال رکھا جاتا ہے ۔۔ 2