آندھرا پردیش کے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کی دہلی طلبی

   

الیکشن کمیشن نے سمن جاری کیا، تشدد کو روکنے میں ناکامی پر برہمی
حیدرآباد۔/15 مئی، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے آندھرا پردیش میں رائے دہی کے موقع پر پیش آئے پُرتشدد واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور چیف سکریٹری جواہر ریڈی اور ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیش کمار گپتا کو شخصی طور پر حاضر ہوتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے ہدایت دی ہے۔ پلناڈو، چندرا گیری اور دیگر علاقوں میں رائے دہی کے دن اور دوسرے دن تشدد کے کئی واقعات پیش آئے۔ الیکشن کمیشن نے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رائے دہی کے دن حکام کی جانب سے چوکس کئے جانے کے باوجود احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے دو اعلیٰ عہدیداروں کو سمن کی اجرائی سے آندھرا پردیش کے نظم و نسق میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے۔ دونوں عہدیدار کل نئی دہلی روانہ ہورہے ہیں جہاں الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوکر رپورٹ حوالے کریں گے۔ تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے حکام کے اقدامات سے واقف کرایا جائے گا۔ چیف الیکٹورل آفیسر سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے آندھرا پردیش کے خصوصی مبصر رام موہن مشرا کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے چیف سکریٹری، ڈائرکٹر جنرل پولیس کو سمن جاری کیا۔ واضح رہے کہ رائے دہی کی تکمیل کے بعد تاڑپتری، تروپتی، کارم پوڈی اور دیگر علاقوں میں تشدد پھوٹ پڑا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی پر حملہ کی کوشش کی گئی۔ الیکشن کمیشن نے تشدد کو روکنے میں پولیس کی ناکامی پر سخت تنقید کی ہے۔ اسی دوران چیف سکریٹری جواہر ریڈی نے ڈائرکٹر جنرل پولیس ہریش کمار گپتا اور انٹلیجنس چیف کمار وشوا جیت سے بات چیت کی اور حقیقی صورتحال پر معلومات حاصل کی۔ الیکشن کمیشن کو رپورٹ پیش کرنے کے پس منظر میں عہدیداروں کی یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔1