کئی صنعتی اداروں کے عہدیداروں سے ملاقات، سی آئی آئی کے گرین انڈسٹرلائزیشن اجلاس سے خطاب
حیدرآباد 21 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نارا لوکیش نے ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر مختلف صنعتی اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کی۔ چندرابابو نائیڈو نے کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز (CII) کی جانب سے گرین انڈسٹرلائزیشن کے موضوع پر منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ ملک میں گرین انڈسٹرلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آلودگی سے نجات حاصل کی جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ 1995 ء سے وہ کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز کی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں اور اِس طویل سفر کے دوران ہندوستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہیلت کیر اور دیگر شعبہ جات نے غیرمعمولی ترقی کی ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ آندھراپردیش صنعتی ترقی کے ذریعہ ملک کی معاشی ترقی میں اہم حصہ داری نبھارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جی ڈی پی کی ترقی میں 2027 ء تک آندھراپردیش نمایاں ترقی کرے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی کی ستائش کرتے ہوئے چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ وکستھ بھارت 2047 ء کے ویژن کے ساتھ ملک کو ترقی دینے کے لئے مستحکم حکومت قائم ہوئی ہے۔ ہندوستان کو دنیا بھر میں سوپر پاور کے طور پر ترقی دینے کے لئے نریندر مودی کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نریندر مودی نے ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے آندھراپردیش کی بھرپور مدد کی ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ امراوتی میں گلوبل لیڈرشپ سنٹر کے قیام کی تجویز ہے۔ اِس سلسلہ میں آئی ایم ڈی بزنس اسکول سوئزرلینڈ اور جی ایل سی سے معاہدہ طے پایا ہے۔ چیف منسٹر نے کارپوریٹ لیڈرس سے اپیل کی کہ وہ ملک میں غربت اور عدم مساوات کے خاتمہ میں اپنا رول ادا کریں۔ چندرابابو نائیڈو نے ٹاٹا سنس کے صدرنشین این چندرشیکھرن کی ستائش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش میں گرین انرجی کو فروغ دیا جارہا ہے اور متبادل برقی پیداوار کے وسائل تلاش کئے جارہے ہیں۔ ملک میں برقی کی قلت اور شٹ ڈاؤن جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے متبادل ذرائع معاون ثابت ہوں گے۔ اُنھوں نے آندھراپردیش کو کلین انرجی ہب میں تبدیل کرنے کے منصوبہ کا خلاصہ کیا اور کہاکہ توانائی کے شعبہ میں 115 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعہ 500 میگاواٹ قابل تجدید انرجی تیار کی جاسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش میں صنعتوں کے قیام کے لئے حکومت کی جانب سے ہرممکن مدد کی جائے گی۔ اِسی دوران وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نارا لوکیش نے آندھراپردیش میں پٹرو کمیکل ہب کے قیام کے لئے مختلف اداروں کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ ممتاز صنعتکار لکشمی متل نے چندرابابو نائیڈو اور نارا لوکیش سے ملاقات کی۔ 1