جلد ہی پالیسی ساز فیصلے کا امکان ۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر کا دعویٰ
حیدرآباد۔19۔ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ آٹو ڈرائیورس کو نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے اور جلد اس سلسلہ میں حکومت سے پالیسی ساز فیصلہ کرکے آٹو ڈرائیورس کو نقصانات کی پابجائی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر بی سی ویلفیر پونم پربھاکر نے آج پرجا وانی پروگرام میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہو ںنے بتایا کہ عوامی شکایات کی سماعت کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ہے اس پر عوام کی مثبت ردعمل ظاہر ہورہا ہے اور آج پرجا ونی پروگرام میں جملہ 5126 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں اکثریت بے گھر خاندانوں کی ہے جبکہ دوسری بڑی تعداد بے روزگار نوجوانوں کی ہے۔مسٹر پونم پربھاکر نے بتایا کہ خواتین کیلئے مفت بس میں سفر کی سہولت سے آٹو ڈرائیورس کو نقصانات کے متعلق تفصیلات حکومت کو مل رہی ہیں اور حکومت کی جانب سے آٹو ڈرائیورس کے مسائل کے حل کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آٹو ڈرائیورس بھی حکومت کیلئے اتنے ہی اہمیت کے حامل ہیں جتنے دیگر ہیں اسی لئے حکومت ان کے نقصانات کی پابجائی کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے اور جلد ہی پالیسی ساز فیصلہ کرکے حکومت سے آٹو ڈرائیورس کیلئے بھی اسکیم کا اعلان کیا جائیگا۔ پونم پربھاکر نے بتایا کہ تلنگانہ میں خواتین کو مفت بس کی سہولت کا زبردست ردعمل دیکھا جا رہاہے۔انہوں نے آٹو ڈرائیورس کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت سے منصوبہ کی تیاری تک تحمل کا مظاہرہ کریں ۔انہو ںنے پرجا وانی پروگرام میں ملنے والی شکایات کی یکسوئی پر کہا کہ حکومت شکایات کو حل کرنے جو میکانزم تیار کیا گیا ہے اس کے مطابق ان شکایات کی یکسوئی عمل میں لائی جائے گی اور مسائل کو حل کرنے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ ان کا حکومت پر اعتمام برقرار رہے۔انہوں نے پرجا وانی پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے راست عوامی شکایات کی سماعت کرکے ان کی جانب سے دی گئی تحریری درخواستوں کو وصول کیا۔م