بیجنگ، 21 ستمبر (ایجنسیز) چین میں سائنسدانوں نے ایسی جدید سوپر کولنگ کوٹنگ تیار کی ہے جو شدید گرمی کے موسم میں عمارتوں کے اندر درجہ حرارت کم رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔ اس ٹکنالوجی کی خاص بات یہ ہے کہ یہ روایتی ایئرکنڈیشننگ سسٹم کی طرح بجلی کے بغیر عمارت کی سطح پر شمسی حرارت کو کم کرنے کام کرتی ہے۔چینی ماہرین کے مطابق اس خصوصی پینٹ میں ریڈی ایٹیو کولنگ ٹکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جس کے ذریعے سورج سے آنے والی توانائی کا بڑا حصہ واپس منعکس کیا جاتا ہے۔ اس عمل سے عمارت کی بیرونی سطح زیادہ گرم ہونے سے بچ سکتی ہے اور اندرونی حصوں میں حرارت کم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔اس کوٹنگ کی حقیقی ماحول میں تقریباً چھ ماہ تک چین کے صوبہ ہینان میں ایک صنعتی پلانٹ پر آزمائش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اس مقام پر پہلے اندرونی درجہ حرارت کو کم رکھنے پانی کے اسپرے کے نظام استعمال کیے جاتے تھے، تاہم سپر کولنگ کوٹنگ کے استعمال کے بعد اضافی کولنگ توانائی کے بغیر بھی درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔بتایا گیا کہ نئی ٹکنالوجی کو رہائشی عمارتوں کے علاوہ فیکٹریوں، عوامی عمارتوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کا مقصد خاص طور پر گرم علاقوں میں عمارتوں پر شمسی حرارت کو کم کرکے کولنگ کی ضرورت اور توانائی کے استعمال میں کمی لانا ہے۔یہ سوپر کولنگ پینٹ چائنا کنسٹرکشن ایکو ڈویلپمنٹ کمپنی اور ہربن انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ متعلقہ رپورٹ کے مطابق اس کوٹنگ کی صنعتی سطح پر پیداوار بھی شروع کردی گئی ہے اور سالانہ تقریباً 6 لاکھ ٹن پیداوار کا منصوبہ ہے۔