’’اب ہارنا اور ڈرنا منع ہے ‘‘ : سنجے راوت

   

ممبئی۔14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ایسے وقت جب مہاراشٹرا میں شیو سینا ، کانگریس اور این سی پی کی حمایت حاصل کرتے ہوئے ریاست میں حکومت سازی کیلئے جدوجہد کررہی ہے ، شیو سینا کے سینئر لیڈر سنجے راوت نے آج ایک ٹوئیٹر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ نہ انہیں شکست دی جاسکتی ہے اور نہ خوفزدہ کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے ٹوئیٹ کیا کہ ’’ اب ہارنا اور ڈرنا منع ہے ‘‘ ۔ رکن راجیہ سبھا اور شیو سینا ترجمان سنجے راوت کا یہ ٹوئیٹ اس وقت آیا جب ایک دن قبل ہی وہ لیلاوتی ہاسپٹل ڈسچارج کئے گئے ،جہاں پیر کے روز اُن کی انجیو پلاسٹی کی گئی تھی ۔ 57 سالہ شعلہ بیان لیڈر نے ہندی زبان میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’ ہار ہوجاتی ہے جب مان لیا جاتا ہے ، جیت تب ہوتی ہے جب ٹھان لیا جاتا ہے ‘‘ ۔ راوت نے چہارشنبہ کو ایک پیغام پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست میں اُن کی پارٹی کیلئے آنے والے دنوں میں مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جہاں وہ این سی پی اور کانگریس کی حمایت سے تشکیل حکومت کیلئے کوشاں ہیں چونکہ یہ وہ جماعتیں ہیں جو نظریاتی طور پر اُن کے مخالف سمجھے جاتے ہیں ۔