مرکز سے فنڈس کی اجرائی، جشن بہارا ں سے وائس چانسلر عین الحسن کا خطاب
حیدرآباد۔24۔ جون (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں سیول سرویسز کوچنگ اکیڈیمی کا عنقریب آغاز ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن نے بتایا کہ کووڈ ۔19 کے سبب یونیورسٹی میں مسابقتی امتحانات کی تربیتی اکیڈیمی کا کام رک گیا تھا۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور کی جانب سے سیول سرویسز کوچنگ اکیڈیمی کیلئے فنڈس کی فراہمی میں پیشرفت ہوئی ہے اور جلد ہی کوچنگ اکیڈیمی قائم کی جائے گی۔ اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسز کی کوچنگ میں اردو یونیورسٹی اہم رول ادا کرے گی۔ پروفیسر عین الحسن یونیورسٹی طلبہ یونین کے جشن بہاراں 2022 پروگرام کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت اقلیتی امور کی ٹیم عنقریب یونیورسٹی کا دورہ کرے گی جس کے بعد سیول سرویس اکیڈیمی بحال کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ گراؤنڈ کے سلسلہ میں حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر محمد اظہرالدین سے بات چیت ہوئی ہے۔ بہت جلد یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوں گے۔ جشن بہاراں کے تحت مختلف ادابی ، ثقافتی اور کھیل کود کے مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا جو 28 جون تک جاری رہیں گے۔ 5 جولائی کو جاب فیسٹ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ انہوں نے ہندوستان میں کئی کیمپس دیکھے ہیں لیکن مانو میں ایک خاص بات دیکھی ۔ یہاں کے طلبہ میں جو انکساری ہے وہ کہیں اور نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ زائد نصابی سرگرمیاں ضروری ہے۔ طلبہ یونین کے صدر محمد مرسلین اور ان کے ساتھیوں کی ستائش کی۔ ر