بھوپال، 16 ستمبر (یواین آئی) مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں یکساں سیول کوڈ کے معاملے اور اپنے سابقہ میزائل سے متعلق بیان پر اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی کے ردعمل کے بعد بی جے پی ایم ایل اے رامیشور شرما نے جوابی حملہ کیا ہے ۔ اویسی نے منگل کے روز بھوپال میں منعقدہ ایک جلسے میں شرما کے سابقہ بیان کا ذکر کرتے ہوئے انہیں چیلنج کیا تھا۔شرما نے اویسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں اور اویسی پوری تقریر سن کر چاہیں تو اسے عدالت میں لے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان کی فوج نے ‘آپریشن سندور’ کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی اور جہاں جہاں دہشت گردی اور ہندستان مخالف سرگرمیوں کے ٹھکانے ہوں گے ، وہاں ہندستان کا میزائل تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ اویسی کو بدتمیزی کی زبان چھوڑنی چاہیے ۔ مسٹرشرما نے اپنے بیان میں اویسی کیلئے قابلِ اعتراض اور ذاتی تبصرے بھی کیے ۔ یکساں سول کوڈ کے حوالے سے شرما نے کہا کہ تمام جماعتیں ہندوؤں کے ووٹ چاہتی ہیں تو ہندو قانون پر اعتراض کیوں ہے ؟ انہوں نے کہا کہ یکساں سول کوڈ نافذ ہوگا اور اسے ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے جذبے کے مطابق نافذ کیا جائے گا۔ شرما نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے 2029تک 21ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی بات کہی ہے اور مدھیہ پردیش میں یہ نافذ ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر چاہے کوئی بھی مخالفت کرے ، یکساں سول کوڈ نافذ ہوگا۔