اسرائیل تنازعہ بڑھانے والے اقدامات سے باز رہے: چین

   

بیجنگ : ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد چین نے بھی اسرائیل کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنازع بڑھانے والے اقدامات سے باز رہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں چین کے مندوب نے کہا کہ مشرق وسطیٰ تنازعہ پر چین گہری تشویش میں مبتلا ہے، مشرق وسطیٰ ایک بڑی جنگ کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔چینی مندوب کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا لبنان میں داخل ہونا لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، فریق ممالک اشتعال انگیز بیان بازی سے اجتناب کریں، فریقین خصوصاً اسرائیل تحمل کا مظاہرہ کرے اوراسرائیل تنازعہ بڑھانے والے اقدامات سے باز رہے۔
سعودی وزیر خارجہ اور ایرانی صدر کی دوحہ میںملاقات
دوحہ : ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا خیرمقدم کیا ۔ ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے ایرانی صدر کو سعودی قیادت کی طرف سے تہنیتی پیغام دیا۔ملاقات کے دوران حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر قطر میں سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان اور وزیر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔