اسمبلی اور کونسل کو ایک ہی مقام پر رکھنے چیف منسٹر کی تجویز

   

نئی عمارتوں کی تعمیر کا منصوبہ،ریونت ریڈی کی صدرنشین کونسل سے ملاقات اور دورہ
حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اسمبلی اور کونسل کے احاطہ کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے نئی تعمیرات اور تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی، سریدھر بابو ، کونڈہ سریکھا اور سیتکا کے ہمراہ چیف منسٹر نے اسمبلی سے متصل کونسل کی عمارت کی منتقلی پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی طرح تلنگانہ اسمبلی تیار کی جائے گی جہاں اسمبلی اور کونسل ایک دوسرے سے متصل رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کی نئی عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ایوانوں کے علاوہ کوئی اور عمارت احاطہ میں موجود نہیں رہے گی۔ موجودہ بعض عمارتوں کو منہدم کرتے ہوئے گرینری میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اسمبلی کے سیکوریٹی انتظامات میں مزید چوکسی اختیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اسمبلی سے متصل ریلوے گیٹ سے باغ عامہ میں داخلہ کی گنجائش ہے لہذا دیوار کی بلندی میں مزید اضافہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور کونسل کے ارکان کو مارننگ واک کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ قانون ساز کونسل جوبلی ہال کی عمارت میں کام کررہی ہے۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ کونسل کو اسمبلی کی قدیم عمارت میں منتقل کیا جائے اس کے لئے عہدیداروں سے ایکشن پلان طلب کیا گیا کہ آیا قدیم عمارت کو منہدم کیا جائے گا یا پھر اس کی مرمت اور تزئین نو کافی ہوگی۔ صدرنشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی نے عمارتوں کی منتقلی کے بارے میں بعض تجاویز پیش کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر سی ایل پی کی موجودہ عمارت کو منہدم کرتے ہوئے علاقہ میں سرسبزی و شادابی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔