حیدرآباد۔10۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی سریدھر بابو نے کہا کہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی نتائج کا پارٹی کو گہرائی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ اترپردیش ، پنجاب اور دیگر ریاستوں کے نتائج سے کانگریس کو سبق لینا چاہئے اور خامیوں کی اصلاح پر توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قائدین کے باہمی اختلافات کے نتیجہ میں کانگریس کو نقصان ہوا ہے۔ کسی بھی پارٹی میں اختلاف رائے ضرور ہوتاہے لیکن پنجاب کی صورتحال مختلف تھی۔ پنجاب کے عوام نے پڑوسی ریاست دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت کی کارکردگی کو قبول کرتے ہوئے انہیں ریاست میں حکمرانی کا موقع دیا ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اور بی جے پی قائدین غیر ضروری خوش فہمی میں مبتلا ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس مضبوط موقف میں ہے اور ٹی آر ایس کے متبادل کے طور پر عوام کیلئے قابل قبول ہے۔ اسمبلی نتائج سے سبق لیتے ہوئے ہائی کمان کو ملک بھر میں پارٹی کے استحکام پر توجہ دینی چاہئے ۔ ر