دبئی۔ ہندوستانی خواتین ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور اور نائب کپتان اسمرتی مندھانا نے منگل کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ونڈے رینکنگ میں ایک مقام کی بہتری کی ہے۔ بیٹرس کی درجہ بندی میں ہرمن پریت 13 ویں نمبر پر ہیں جبکہ مندھانا نویں نمبر پر موجود ہندوستانی ہیں۔تین میچوں کی ونڈے سیریز میں ہرمن پریت نے 59.50 کی اوسط سے 119 رنز بنائے اور تین وکٹیں لے کر ہندوستان کو سیریز میں 3-0 کی کامیابی حاصل کرنے میں مدد کی۔ انہیں سیریز کی بہترین کھلاڑی قراردیاگیا۔ مندھانا نے اس سیریز میں 52 کی اوسط سے رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے سنچری بھی بنائی۔رینکنگ میں آگے بڑھنے والے دیگر ہندوستانی بیٹر میں شیفالی ورما (تین مقامات کی ترقی کے بعد33 ویں پر)، یستیکا بھاٹیہ (ایک مقام کی ترقی کے ساتھ 45 ویں پر) اور بولنگ آل راؤنڈر پوجا وستراکر (آٹھ مقامات کی ترقی کے بعد53 ویں نمبر پر) شامل ہیں۔ بولروں میں راجیشوری گائیکواڈ تین درجے بہتری کے ساتھ مشترکہ نویں، میگھنا سنگھ دو درجے بہتری کے ساتھ 43 ویں اور وستراکر دو درجے بہتری کے ساتھ مشترکہ 48 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ تجربہ کار ہندوستانی فاسٹ بولر جھولن گوسوامی جنہیں اس دورے میں ٹیم میں جگہ نہیں ملی، بولروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر برقرار ہے۔ بیٹروں کی فہرست میں آسٹریلیا کی الیسا ہیلی اور انگلینڈ کی نٹالی اسکائیور سرفہرست دو مقامات پر ہیں جب کہ انگلینڈ کی صوفی ایکلیسٹون اور جنوبی افریقہ کی شبنم اسماعیل بولنگ فہرست میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔