فوڈ سیفٹی عہدیداروںکے دھاووں پر مجلسی قائدکو اعتراض
حیدرآباد۔ /26 نومبر، ( سیاست نیوز) شہر میں اسٹریٹ فوڈس میں ملاوٹ سے لوگوں کے بیمار ہونے کی اطلاعات کے بعد جی ایچ ایم سی کے فوڈ سیفٹی عہدیدار اسٹریٹ فوڈس اور ہوٹلوں پر اچانک دھاوے کرتے ہوئے عوام کو فروخت کئے جانے والی کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کی جانچ کررہے ہیں لیکن یہ کارروائی سیاسی رخ اختیار کرگئی ہے۔ مجلس رکن قانون ساز کونسل رحمت بیگ فوڈ سیفٹی عہدیداروں کی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ میئر جی وجیہ لکشمی نے ان سے رابطہ کرکے رکاوٹ پیدا نہکرنے اوران کارروائیوں میں تعاون کرنے پر زور دیا ہے۔ تاہم مجلس کے رکن کونسل نے مثبت ردعمل کا اظہار نہیں کیا جس کے بعد میئر اور ایم ایل سی میں ٹھن گئی۔ حالات کو بے قابو ہوتا دیکھ کر میئر نے منگل کو رحمت بیگ کیخلاف کاچیگوڑہ پولیس میں شکایت درج کرائی۔ فوڈ سیفٹی حکام نے پیر کو کوٹھی میں موتی مارکٹ کا معائنہ کیا۔ ناقص اشیاء پائی جانے پر مارکٹ کوسیز کردیا۔ تاہم قفل توڑ کر مارکٹ کو دوبارہ کھولنے پر میئر سخت ناراض ہوگئیں۔ موتی مارکٹ کے تالے نہ کھولنے پر ملازمتوں سے محروم ہوجانے کی مجلس کے لیڈروں نے سیفٹی عہدیداروں کو دھمکی دی ۔ ضبط کردہ گوشت کو چھین لینے اور نوٹس کو پھاڑ دینے کا میئر نے سخت نوٹ لیا ۔حال ہی میں میئر حیدرآباد نے جی ایچ ایم سی کے فوڈ سیفٹی عہدیداروں کے ساتھ پرانے شہر کے مختلف ہوٹلوں، ریسٹوراں اور گوشت کی دکانات کا معائنہ کیا اور ناقص اشیاء ، صفائی کے عدم انتظام پر اپنی برہمی کا اظہار کیا اور کارروائی کرتے ہوئے چند دکانات بند کردی گئیں لیکن اندرون 24 گھنٹے ان بند دکانات کو دوبارہ کھلا دیا گیا یہاں تک کہ فوڈ سیفٹی عہدیداروں کو جرمانے کی رقم بھی ادا نہیں کی گئی۔ میئر نے عہدیداروں سے اس پر تبادلہ خیال کیا تب پتہ چلا کہ مجلس کے رکن کونسل نے فوڈ سیفٹی عہدیداروں کو ڈرایا دھمکایا ہے۔2