اسکولس میں اساتذہ کی قلت بیشتر اساتذہ گروپ امتحانات کی تیاری میں مصروف

   

حیدرآباد۔12۔جون(سیاست نیوز) گرمائی تعطیلات کے بعداسکولوں میں اساتذہ کی قلت کے ساتھ ریاست بھر میں اسکولوں کی کشادگی کا عمل شروع ہوچکا ہے اور اس کی کئی ایک وجوہات ہیں لیکن تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ ریاستی حکومت کی جانب سے 90 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلان خانگی اسکولوں میں اساتذہ کی قلت کی بنیادی وجہ تصور کی جا رہی ہے کیونکہ بیشتر اساتذہ گروپ امتحانات کی تیاری کررہے ہیں کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے حد عمر میں جو رعایت دی گئی ہے اس کا کافی لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اٹھا رہے ہیں لیکن کیا مسلم اساتذہ بھی گروپ امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں! یہ ایک انتہائی اہم سوال ہے جبکہ تمام گروپ امتحانات کیلئے اردو زبان میں بھی امتحان تحریر کرنے کی سہولت حاصل ہے اور اس زریں موقع سے استفادہ کے ذریعہ اساتذہ سرکاری ملازمتوں کے حصول میں اپنا حصہ حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ بیشتر تمام گروپ امتحانات میں جنرل نالج (عام معلومات) پر مبنی سوالات زیادہ ہوتے ہیں اور ان سوالات کے جواب اساتذہ سے بہتر کوئی نہیں جاتنا اسی لئے مسلم اساتذہ کو بھی گروپ امتحانات کے لئے تیاریاں کرنی ہوگی تاکہ وہ اپنا مستقبل تابناک بناسکیں۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے 90 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں کئے جانے والے اعلان اور گروپ 1 کے لئے اعلامیہ کی اجرائی و درخواستوں کی وصولی کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے لیکن گروپ IIکے علاوہ گروپ 3اور 4کے لئے اعلامیہ کی اجرائی باقی ہے اور جو لو گ گروپ Iکے لئے درخواست داخل نہیں کرپائے ہیں وہ ان اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی درخواست داخل کر سکتے ہیں۔گذشتہ دو برسوں کے دوران اسکول انتظامیہ کو جن مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اس کی وجہ سے بیشتر اساتذہ کو ملازمت سے ہٹا دیا گیا تھا اور ان دو برسوں کے دوران اساتذہ نے مختلف طریقوں سے اپنے ذرائع معاش تلاش کرلئے ہیں اور اب وہ دوبارہ پیشہ تدریس سے وابستہ ہونا نہیں چاہتے کیونکہ ان کا احساس ہے کہ مشکل حالات میں انہیں بے روزگار کیا گیا ہے جو کہ اس با ت کی دلیل ہے کہ پیشہ تدریس میں روزگار کی اور ملازمت کی ضمانت نہیں ہے اسی لئے اب وہ دوبارہ اس پیشہ سے وابستہ ہونے کے حق میں نہیں ہیں ۔ بتایاجاتاہے کہ شہر حیدرآباد وسکندرآباد کے اسکولوں میں 50 فیصد اساتذہ کی قلت ریکارڈ کی جار ہی ہے اور خانگی اسکول انتظامیہ کی جانب سے نئے اساتذہ کا تقرر کیا جا رہاہے جبکہ تجربہ کار اساتذہ کی بڑی تعداد گروپ امتحانات کی تیاری میں مصروف ہے۔م