افغانستان میں مدرسہ پر حملہ کی مذمت

   

کابل : امریکی حکام نے صوبہ سمنگان کے صوبائی دارالحکومت ایبک میں ایک دینی مدرسے میں طلباء کے قتل کی مذمت الگ الگ ٹوئٹس میں کی ہے۔ افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ آج صبح سمنگان سے خوفناک خبر آئی۔ مدرسے پر حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ امریکہ معصوم شہریوں کے خلاف اس حملے کی مذمت کرتا ہے۔ تمام افغان بچوں کو بلا خوف سکول جانے کا حق ہے۔ افغانستان میں خواتین اور انسانی حقوق کے لیے امریکی دفتر خارجہ کی نمائندہ رینا امیری نے بھی دھماکے کو دل دہلا دینے والا قرار دیا۔ دوحہ میں امریکی سفارت خانے کی چارج ڈی افیئرز کیرن ڈیکر نے بھی کہا کہ وہ سمنگان میں مدرسے پر ہونے والے نفرت انگیز حملے کی مذمت میں شامل ہیں۔ افغان بچوں کی پرورش اور حفاظت کی جانی چاہیے۔ ہمیں اپنے بچوں کی زندگیوں سے دہشت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔