اقامتی اسکولوں میں دھاندلیوں کا ثبوت پیش کرنے ہریش راؤ کو چیلنج

   

الزامات ثابت کرنے پر استعفے کی پیشکش، ریاستی وزیر لکشمن کمار کی پریس کانفرنس

حیدرآباد 16 جون (سیاست نیوز) وزیر ایس سی ویلفیر اے لکشمن کمار نے بی آر ایس لیڈر ہریش راؤ کو چیلنج کیاکہ اقامتی تعلیمی اداروں میں 2000 کروڑ کے اسکام کی تفصیلات پیش کریں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لکشمن کمار نے کہاکہ اگر ہریش راؤ الزامات ثابت کرتے ہیں تو وہ وزارت سے مستعفی ہوجائیں گے۔ اُنھوں نے ہریش راؤ سے کہاکہ وہ صرف الزام تراشی کے بجائے 2000 کروڑ کے اسکام کا دستاویزی ثبوت پیش کریں۔ اُنھوں نے ہریش راؤ کو چیلنج کیاکہ اِس مسئلہ پر کھلے مباحث کے لئے تیار ہیں۔ ہریش راؤ کے طے کردہ مقام پر وہ مباحث کے لئے تیار ہیں۔ بحث کے دوران اگر الزامات ثابت ہوجائیں تو وہ اُسی وقت وہ استعفیٰ پیش کردیں گے۔ لکشمن کمار نے اقامتی اسکولوں کے ٹنڈرس میں بے قاعدگیوں کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہاکہ ٹنڈرس کی اجرائی اور قطعیت مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر حکومت کی طرح کانگریس حکومت میں وزراء کی منظوری کے بغیر عہدیداروں کے فیصلوں کی گنجائش نہیں ہے۔ ریونت ریڈی حکومت میں وزراء کو مکمل اختیارات دیئے گئے ہیں۔ لکشمن کمار نے کہاکہ سابق بی آر ایس دور حکومت کی خامیوں اور بے قاعدگیوں کو چھپانے کے لئے ہریش راؤ کانگریس حکومت پر الزام تراشی کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں ترقیاتی کاموں کے بلز جاری نہیں کئے گئے اور کانگریس حکومت نے زیرالتواء بلز کی منظوری دی ہے۔ سابق میں کے سی آر، ہریش راؤ اور کے ٹی آر کے علاوہ کے سی بھی وزیر کو اختیارات حاصل نہیں تھے۔ اسکولوں میں طلبہ کو یونیفارم، بیڈ شیٹ اور دیگر سامان کی فراہمی کے سلسلہ میں آن لائن ٹنڈرس طلب کئے گئے اور مکمل شفافیت کے ساتھ ٹنڈرس کو قطعیت دی گئی۔V/1
حکومت بہتر تعلیمی سہولتوں کے ساتھ طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو تابناک بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس کے اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعہ حکومت کے خلاف منظم مہم چلائی جارہی ہے لیکن الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔V/1