سنگاریڈی 12 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )تلنگانہ مائناریٹی ریزیڈینشل ہاسٹلز میں داخلوں کے لیے درخواستیں مطلوب ہیں، 30 جولائی آخری تاریخ ہے ۔سنگاریڈی بائی پاس روڈ پر واقع تلنگانہ مائناریٹی ریزیڈینشیل ہاسٹل میں نئے تعلیمی سال کے داخلوں کیلئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ پرنسپل جے رانی نے ایک بیان میں بتایا کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے اہل طلبہ سے آن لائن درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جولائی مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان ہاسٹلز کا مقصد اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو معیاری رہائش، مفت طعام اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بغیر کسی مالی یا رہائشی دشواری کے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔پرنسپل نے خاص طور پر دیہی علاقوں کے معاشی طور پر کمزور اور مستحق طلبہ سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں اور مقررہ مدت کے اندر سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ داخلے کے خواہشمند طلبہ کو درخواست کے طریقہ کار یا دیگر معلومات درکار ہوں تو ہاسٹل انتظامیہ اور وارڈن چوبیس گھنٹے رہنمائی اور تعاون کے لیے دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے اہل طلبہ سے تاکید کی کہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر جلد از جلد اپنی درخواستیں جمع کرائیں تاکہ وہ اس تعلیمی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔