ترکا کاشا کمیونٹی کو ٹول کٹس ، رنگا ریڈی ضلع میں تقریب سے وزیر اقلیتی بہبود اظہرالدین کا خطاب
حیدرآباد۔2 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے آج رنگا ریڈی ضلع میں اقلیتی فینانس کارپوریشن کی دو اسکیمات کے استفادہ کنندگان میں چیکس اور ٹول کٹس تقسیم کئے ۔ اندراماں مائناریٹی مہیلا یوجنا کے تحت اقلیتی بیوہ خواتین میں فی کس 50 ہزار روپئے کے 278 چیکس تقسیم کئے گئے ۔ اس کے علاوہ پسماندہ ترکا کاشا مسلم کمیونٹی کے 13 افراد میں جنریٹر اور ٹول کٹس تقسیم کئے گئے جن کی مالیت فی کس 60 ہزار روپئے ہے ۔ رکن اسمبلی اے گاندھی ، رکن قانون ساز کونسل پی مہیندر ریڈی ، رکن اسمبلی پرکاش گوڑ، رکن کونسل بی دیانند ، ایڈیشنل کلکٹر شریمتی کرن مائی آئی اے ایس اور مقامی عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اظہرالدین نے کہا کہ حکومت خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے مختلف اسکیمات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری جاری ہے ۔ غریب بیوہ خواتین کو خود روزگار اسکیمات سے استفادہ کیلئے فی کس 50 ہزار روپئے کے امدادی چیکس جاری کئے گئے۔ یہ رقم صد فیصد سبسیڈی کے طور پر رہے گی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی بھلائی میں سنجیدہ ہیں۔ ترکا کاشا کمیونٹی کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے جنریٹر اور ٹول کٹس کارپوریشن سے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال فریضہ حج کی تکمیل کرنے والے حجاج کرام کے اضافی فضائی کرایہ کے طور پر چیف منسٹر نے 7 کروڑ روپئے جاری کئے۔ گورنمنٹ چیف وہپ مہیندر ریڈی اور دوسروں نے مخاطب کیا۔1/k/m/b