پرتگال زیادہ متاثر ،شدید گرمی کے باعث برطانیہ میں سیلاب کا امکان ، وارننگ جاری
واشگٹن/ لندن: یورپ اور امریکی میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ سے اسپین اور پرتگال میں گرمی سے ہلاک افراد کی تعدادایک ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ جنگلوں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جاری ہے برطانیہ میں پہلی مرتبہ درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈہونے سے جنگلات میں آگ لگنے سے درجنوں گھر بھی اس کی لپیٹ میں آگئے.فرانس، اسپین اور پرتگال میں ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل کر دئیے گئے ہیں، رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر چلا گیا، اس ریکارڈ گرمی سے 13 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، خود کو گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے جھیلوں اور دریاؤں کا رخ کرنے والوں میں سے 5 افراد کے ڈوبنے کی خبر رپورٹ ہوئی ہیں.لزبن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنسز کے ایک محقق نے کہا کہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گرمی کی لہروں کی وجہ سے مرنے والے زیادہ تر بزرگ افراد تھے سخت گرمی کی وجہ سے درجنوں مقامات پر آگ بھڑک اٹھی جبکہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک کام کرنیوالی ٹرینیں بھی جواب دے گئی ہیں۔سب سے زیادہ پرتگال کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ۔ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) کے مطابق یورپ میں گرمی کی لہر پہلے ہی عروج پر پہنچ چکی ہے، لیکن درجہ حرارت مزید ایک ہفتے تک اوسط سے اوپر رہ سکتا ہے خیال رہے کہ یہ ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب دنیا کا اوسط درجہ حرارت صرف ایک سینٹی گریڈ سے زیادہ بڑھ گیا ہے جو دنیا کے کئی حصوں کے صنعتوں کے لگنے سے پہلے دیکھا گیا تھا.اقوام متحدہ کے موسمیاتی سائنس کے ادارے، انٹر گورنمنٹل پینل آن کلائمیٹ چینج کے مطابق دنیا اب 125,000 سالوں میں گرم ترین دور سے گزر رہی ہے امریکہ اور یورپ کا مغربی حصہ شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے ۔دریں اثناء برطانیہ میں ریکارڈ توڑ گرمی پڑنے کے بعد اب آنے والے دنوں میں سیلاب کا بھی خطرہ ہے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق برطانوی حکومت نے وارننگ جاری کر دی ہے کہ شدید گرمی پڑنے کے بعد اب انگلینڈ کے کچھ حصوں میں اچانک سیلاب بھی آ سکتا ہے۔حکومت کی جانب سے سیلاب کی وارننگ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ چہارشنبہ کو شدید بارش کے بعد انگلینڈ میں سیلاب آسکتا ہے اور یہ صورتِ حال 5 روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔ میٹ آفس نے پیش گوئی کی ہے کہ چہارشنبہ کی سہ پہر کو انگلینڈ کے وسطی، جنوبی اور مشرقی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔اس بارش کی وجہ سے انگلینڈ کے جنوب اور مشرقی حصوں میں سیلاب آنے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ تر مقامات پر صرف ہلکی بارش ہی ہو گی۔سیلاب کی وارننگ جاری ہونے کے بعد مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ سال موسمِ گرما کے دوران لندن میں آنے والے سیلاب کی متعدد ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔صارفین کی جانب سے یہ ویڈیوز اور تصاویر موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے متعلق آگاہ کرنے کے لیے شیئر کی جا رہی ہیں۔ برطانیہ میں پہلی بار ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ کیے جانے پر ایک افراتفری کی صورتِ حال پیدا ہوگئی۔اس ریکارڈ توڑ گرمی کی وجہ سے ملک میں آگ لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔