امریکہ دہشت گردی سے نمٹنے پاکستانی کوششوں کا حامی

   

واشنگٹن : اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان جیسے علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنا امریکہ اور پاکستان دونوں کے مفاد میں ہے اور امریکہ ہر قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔ پیر کے روز کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں عسکریت پسندوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مبینہ بے لگام کارروائیوں کی وجہ سے اپنے جنگجوؤں سے ملک بھر میں حملے کرنے کو کہا تھا۔کالعدم ٹی ٹی پی کے حکومت پاکستان کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور اسے خدشہ ہے کہ یہ اقدام ملک میں شہریوں کے مصائب میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے ۔اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ ہم انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری چاہتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام علاقائی اور عالمی دہشت گردی کے خطرات کو ختم کرنے کیلئے تعاون پر مبنی کوششوں کے منتظر ہیں۔ پاکستانی عوام نے گزشتہ دو دہائیوں میں دہشت گردی کے حملوں سے بے پناہ نقصان اٹھایا ہے اور ہم ہر قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔