امریکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی پہلی مرتبہ میزبانی کرے گا

   

نیویارک ۔ یو ایس اے کرکٹ 2024 میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کے لیے تیار ہے۔ یہ ٹورنمنٹ دو طرح سے تاریخی ہوگا۔ امریکہ نہ صرف پہلی مرتبہ ایک عالمی ایونٹ کی شریک میزبانی کر رہا ہے بلکہ اس نے پہلی بار شرکت کرنے والے کے طور پر بھی کوالیفائی کیا ہے۔ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 2024 ایڈیشن میں امریکہ سمیت ایک درجن سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔ آئی سی سی کے امریکہ میں ٹورنمنٹ کے انعقاد کے فیصلے کا مقصد براعظم میں جنٹلمینزگیم کو فروغ دینا اور آنے والی نسل کو کرکٹ کھیلنے کی ترغیب دینا ہے۔امریکہ 1965 میں آئی سی سی کا اسوسی ایٹ رکن بنا اور اس کے بعد سے یہ کھیل آہستہ آہستہ ترقی کر رہا ہے اور اس نے پچھلے 10 سالوں میں تیزی سے ترقی کی ہے۔ 2019 میں ونڈے کھیلنے والے ملک کی حیثیت حاصل کرنا ایک اہم سنگ میل تھا۔ عبوری سی ای او ونے بھیمجیانی نے آئی سی سی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا میں اس اعلان سے بالکل پرجوش ہوں۔ یو ایس اے کرکٹ اس ایونٹ کو ایک بے مثال تجربہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ امریکی سرزمین پر دنیا کے بہترین کرکٹ صلاحیت کی نمائش اسپرنگ بورڈ کی طرح کام کرے گی۔ اس ملک میں اس کھیل کی مستقبل میں ترقی کے لیے یہ ایونٹ بہت اہم ہوگا۔ دنیا کے دوسرے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کھیل کی دنیا کی سب سے بڑی میڈیا مارکیٹ میں آمد بے مثال قدر اور نمائش فراہم کرتی ہے۔ چیئرمین ڈاکٹر اتل رائے نے کہا کہ اسوسی ایشن آئی سی سی کے فیصلے پر بہت خوش ہے۔ یہ ایونٹ نہ صرف امریکہ میں کرکٹ کو فروغ دے گا بلکہ مستقبل کے ایونٹس کی میزبانی کے لیے نئی راہیں کھولنے کے لیے آئی سی سی کے ساتھ ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کو بھی فروغ دے گا۔ یہ ٹورنمنٹ کرکٹ کو مرکزی دھارے کی طرف لے جائے گا۔ یو ایس اے اور ویسٹ انڈیز میںکرکٹ کے ورلڈ کپ کا انعقاد لاس اینجلس میں ہونے والے 2028 کے اولمپک گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کے امکانات کو مزید بڑھا دے گا۔