امریکی اسٹوڈنٹ ویزا کیلئے مہلت میں دو ہفتوں کی توسیع

   

اگسٹ تک انٹرویوز جاری رہیں گے، ویزا کیلئے کونسلیٹ کی ویب سائیٹ سے استفادہ کا مشورہ
حیدرآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے امریکی کونسلیٹ نے اسٹوڈنٹس ویزا کی اجرائی کی مہلت میں دو ہفتوں کی توسیع کردی ہے۔ یہ فیصلہ ہندوستانی طلبہ کو مقررہ وقت پر امریکی یونیورسٹیز میں تعلیم کے آغاز میں مدد کیلئے کیا گیا ہے۔ امریکی کونسلیٹ کے ذرائع کے مطابق طلبہ کیلئے امریکی اسٹوڈنٹ ویزا کے انٹرویوز اگسٹ کے اختتام تک جاری رہیں گے۔ ایجوکیشن یو ایس انڈیا کے تحت کونسلیٹ نے اسٹوڈنٹ ویزا کا معلوماتی سیشن شروع کیا ہے۔ اس سیشن میں کونسلیٹ کے کونسلر ویزا آفیسر امریکی اسٹوڈنٹ ویزا کیلئے درخواست دینے کے طریقہ کار سے امیدواروں کو واقف کرائیں گے۔ کونسلیٹ نے کل طلبہ کے انٹرویوز کا آغاز کیا جو سابق میں دیئے گئے اپواینٹمنٹ کے سلاٹس کے تحت ہے۔ جون، جولائی اور اگسٹ میں کونسلیٹ کی جانب سے مزید اپواینٹنمنٹ بیاچس جاری کئے جائیں گے۔ ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کے مطابق اکٹوبر 2022 تا ستمبر 2023 امریکی سفارتخانہ اور ہندوستان میں موجود کونسلیٹس نے ریکارڈ تعداد میں 140000 اسٹوڈنٹ ویزا جاری کئے۔ جون تا اگسٹ 2023 اسٹوڈنٹ ویزا سیزن کے دوران اپواینٹمنٹ سلاٹس کا آغاز کیا گیا تھا اور ملک بھر میں یو ایس کونسلر آفیسرس نے حیدرآباد کے بشمول جملہ 95267 ویزا جاری کئے جن میں F، N اور J زمرہ کے ویزے شامل ہیں۔ 2022 کے مقابلہ 18 فیصد زائد ویزے جاری کئے گئے۔ امریکہ اسٹوڈنٹ ویزا کے خواہشمند امیدوار حیدرآباد، چینائی، ممبئی، کولکتہ کونسلیٹس کے علاوہ نئی دہلی کے امریکی سفارتخانہ سے اپواینٹمنٹ سلاٹس کیلئے سرکاری ویب سائیٹ سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ امریکی کونسل جنرل حیدرآباد نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسٹوڈنٹ ویزا کے سیزن میں توسیع اور اگسٹ تک انٹرویو جاری رکھنے کی اطلاع دی ہے۔ امریکی یونیورسٹیز سے فال 2024 یا اسپرنگ 2025 کیلئے جن طلبہ کو داخلے کی منظوری حاصل ہوئی ہے وہ اسٹوڈنٹ ویزا کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ طلبہ کیلئے سیشن 24 مئی کو سہ پہر 3 تا 4 بجے ہندوستانی وقت کے مطابق منعقد ہوگا جس کا جوبلی ہلز میں اہتمام کیا جائے گا۔1