نیوریارک : امریکی ریاست ٹیکساس کی پولیس ایک ایسے شخص کی تلاش میں تھی جو ہیوسٹن کے ایک ریسٹورنٹ میں اندرونی کیمرے سے لی گئی ویڈیو میں نظر آیا جب وہ اپنے ایک دوست کے ساتھ کھانا کھا رہا تھا۔ اس دوران ایک شخص پستول لے کر ریسٹورنٹ میں داخل ہوا اور گاہکوں سے پیسے نکلوانے شروع کر دئیے۔ لوٹ مار کی غرض سے آنے والا جیبیں خالی کرانے میں مصروف تھا کہ اس شخص نے حیران کن طور پر اپنی پستول نکالی اور گولی مار کر لوٹ مار کرنے والے کو قتل کر دیا۔ اس کے جسم سے سامان اکٹھا کرکے گاہکوں کو واپس کیا اور ایسے چلا گیا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔پولیس نے ڈاکو کو گولی مارنے والے شخص کیخلاف کوئی الزام عائد نہیں کیا، پولیس صرف یہ چاہتی ہے کہ اس سے گولی مارنے میں اس کے کردار سے متعلق بات کرے۔ مرنے والے کی عمر 20 سال کے لگ بھگ تھی۔ جمعہ کی آدھی رات سے ایک گھنٹہ پہلے واقعہ پیش آیا اور ڈاکو نے سیاہ نقاب پہن رکھا تھا۔ پولیس اب تک ریسٹورنٹ میں موجود 10 گاہکوں میں سے ایک یا زیادہ کی تلاش میں ہے۔