واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن کی ڈیموکریٹ جماعت نے وسط مدتی انتخابات میں برتری کے بعد سینیٹ کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ریاست نیواڈا سے ڈیموکریٹ امیدوار کیتھرین کورٹز مسٹو اپنے حریف ریپبلکن امیدوار ایڈم لیگزالٹ کو ہرانے میں کامیاب ہو گئی ہیں جس کے بعد حکومتی جماعت کو سینیٹ میں برتری حاصل ہو گئی ہے۔ حالیہ نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ سینیٹ میں 50 جبکہ ریپبلکنز 49 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ ریاست جارجیا سے سینیٹ کی سیٹ پر آئندہ ماہ ڈسمبر میں رن آف الیکشن ابھی ہونا باقی ہے جسے ڈیموکریٹس کے لئے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔گزشتہ روز تک سینیٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کے لئے دونوں جماعتوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری تھا ، تاہم ریاست ایریزونا سے ڈیموکریٹ امیدوار مارک کیلی کی ریپبلکن پارٹی کے بلیک ماسٹرز کو ہرانے کے بعد حکومتی جماعت کیلئے امید پیدا ہوگئی تھی ۔ ریاست نیواڈا سے حتمی نتائج آنے تک ڈیموکریٹ پارٹی سینیٹ کا کنٹرول برقرار رکھنے سے صرف ایک نشست کی دوری پر تھی۔